75

قالین کا بیگ یا مصیبت کا سوداگر؟احمدخان اچکزئی

محترم قارئین، کارپٹ بیگر کا مطلب ہے قالین کا بیگ اٹھا کر آنے والا، یہ لفظ آج ہمیں ایک گالی لگتا ہے، ایک الزام لگتا ہے، ایک طعنہ لگتا ہے، لیکن تاریخ بتاتی ہے کہ یہ لفظ ایک بیگ سے شروع ہوا تھا اور پھر ایک پورے نظام کی پہچان بن گیا۔ امریکہ میں خانہ جنگی 1865 میں ختم ہوئی تو جنوب بالکل تباہ ہو چکا تھا، گھر جل گئے تھے، کھیت اجڑ گئے تھے، کاروبار ختم ہو گیا تھا، خاندان بکھر گئے تھے، اور لوگ اپنی ہی زمین پر اجنبی بن گئے تھے۔ اس ویرانی میں شمال کے بہت سے لوگ جنوب کی طرف آئے، ان کے پاس کوئی بڑا سوٹ کیس نہیں ہوتا تھا، وہ اپنا سارا سامان ایک سستے قالین سے بنے ہوئے بیگ میں ڈال کر لاتے تھے، اس بیگ کو کارپٹ بیگ کہتے تھے۔ جنوبی لوگوں نے ان کو مذاق میں کارپٹ بیگرز کہنا شروع کر دیا، شروع میں یہ مذاق تھا، پھر یہ طنز بن گیا، پھر یہ نفرت بن گیا، اور پھر یہ تاریخ بن گیا۔ سوال یہ ہے کہ یہ لوگ جنوب میں کیوں آئے تھے، کیا سب ایک جیسے تھے، کیا سب لٹُیرے تھے، نہیں، تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ ان کی تین قسمیں تھیں اور یہی تین قسمیں آج بھی ہمارے معاشرے میں موجود ہیں۔ پہلی قسم اچھے والے کارپٹ بیگرز کی تھی، کچھ واقعی اچھے لوگ تھے، وہ اسکول بنانے آئے، غلاموں کو آزاد کر کے انہیں پڑھانے آئے، اسپتال بنانے آئے، ریلوے ٹھیک کرنے آئے، وہ اپنا گھر، اپنا آرام، اپنی نوکری چھوڑ کر ایک تباہ حال علاقے کو آباد کرنے آئے تھے، ان کا مقصد خدمت تھا، ان کا مقصد انسانیت تھا، ان کو آج بھی تاریخ اچھے الفاظ میں یاد کرتی ہے۔ دوسری قسم موقع پرست کارپٹ بیگرز کی تھی، کچھ لوگ صرف پیسہ کمانے آئے، انہوں نے سستی زمینیں خرید لیں، حکومت میں نوکریاں لے لیں، غریب جنوبی لوگوں کو دھوکا دے کر ان کی زمینیں ہتھیا لیں، انہیں غریبوں کے آنسو نظر نہیں آتے تھے، انہیں صرف اپنی تجوری بھرنی تھی، انہوں نے مصیبت کو منڈی بنا دیا اور انسانیت کو سودا بنا دیا۔ تیسری قسم سیاست والوں کی تھی، کچھ لوگ سیاست کرنے آئے، انہوں نے آزاد غلاموں کے ووٹ لے کر خود گورنر، میئر بن گئے، انہیں جنوب کے دکھ سے کوئی غرض نہیں تھی، انہیں صرف کرسی چاہیے تھی، انہیں صرف طاقت چاہیے تھی، انہوں نے ووٹ کو سیڑھی بنایا اور عوام کو زینہ بنایا۔ جنوبی لوگوں کو دوسری اور تیسری قسم سے بہت نفرت تھی، اس لیے یہ لفظ گالی بن گیا، اس لیے آج بھی جب ہم کسی کو کارپٹ بیگر کہتے ہیں تو ہمارے ذہن میں وہی موقع پرست اور سیاست دان آتا ہے، وہی لٹیرا آتا ہے، وہی دھوکے باز آتا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ گریٹ ڈپریشن سے اس کا کیا تعلق ہے، گریٹ ڈپریشن 1929 سے 1939 تک تھا، اس وقت امریکہ میں سب غریب ہو گئے تھے، کارخانے بند ہو گئے تھے، بینک ڈوب گئے تھے، کسان بے زمین ہو گئے تھے، مزدور بھوکے تھے، اور پورا ملک ایک بڑی مصیبت میں ڈوب گیا تھا۔ اس وقت بھی لوگوں نے پرانا لفظ کارپٹ بیگر دوبارہ استعمال کرنا شروع کر دیا، لیکن اب اس کا مطلب بدل گیا تھا، اب کارپٹ بیگر اسے کہتے تھے جو باہر سے آ کر ہماری مصیبت سے فائدہ اٹھائے، یعنی مصیبت کا سوداگر۔ مثال کے طور پر جب کسانوں کی زمینیں نیلام ہو رہی تھیں تو شہر سے امیر لوگ آ کر سستی زمینیں خرید لیتے تھے، لوگ کہتے تھے یہ کارپٹ بیگر آ گئے، جب بینک غریبوں کا گھر چھین رہے تھے تو باہر کے وکیل اور تاجر آ کر وہ گھر خرید لیتے تھے، جب مزدور بھوکے تھے تو باہر کے ٹھیکیدار آ کر انہیں بہت کم پیسوں پر کام کرواتے تھے، یہ سب کارپٹ بیگر تھے، کیونکہ یہ مصیبت میں مدد کرنے نہیں آئے تھے، یہ مصیبت کو خریدنے آئے تھے۔ آج کل یہ لفظ کس کے لیے استعمال ہوتا ہے، آج بھی سیاست میں یہ لفظ استعمال ہوتا ہے، جیسے پاکستان میں بھی کہتے ہیں نا الیکشن کے وقت باہر سے آ کر یہاں سے ووٹ لینے آ گیا، یہ تو کارپٹ بیگر ہے، مطلب جس کا اس علاقے سے کوئی تعلق نہیں، صرف فائدہ اٹھانے آیا ہے۔ آج پاکستان میں بھی یہی چار شکلیں نظر آتی ہیں، سیاسی کارپٹ بیگر جو الیکشن سے پہلے آتا ہے اور بعد میں غائب ہو جاتا ہے، چندہ کارپٹ بیگر جو سیلاب اور زلزلے میں کیمرے کے سامنے راشن بانٹ کر غائب ہو جاتا ہے، چوراہے کا کارپٹ بیگر جو باہر سے بچوں کو لا کر بھیک منگواتا ہے، اور میڈیا کارپٹ بیگر جو لڑائی کی ویڈیو وائرل کر کے پیسہ کماتا ہے۔ ان سب کی پہچان ایک ہی ہے، ان کی جڑیں اس مٹی میں نہیں ہوتیں، ان کا درد اس عوام کا نہیں ہوتا، یہ صرف مصیبت میں آتے ہیں، خوشی میں نہیں آتے، یہ چھوڑ کر جاتے ہوئے اسکول نہیں، اسپتال نہیں، سڑک نہیں، صرف خالی جیبیں چھوڑ جاتے ہیں۔ ایک لائن میں یاد رکھیں کہ اصل میں کارپٹ بیگر قالین کا بیگ اٹھا کر جنوب جانے والا شمالی تھا، گریٹ ڈپریشن میں کارپٹ بیگر غریبوں کی مصیبت سے فائدہ اٹھانے والا باہر کا آدمی تھا، اور آج کل کارپٹ بیگر موقع پرست، باہر سے آ کر فائدہ اٹھانے والا سیاست دان یا تاجر ہے۔ اس لیے ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے، ہمیں اچھے مہمان اور کارپٹ بیگر میں فرق کرنا چاہیے، اچھا مہمان وہ ہے جو آ کر آباد کرتا ہے، کارپٹ بیگر وہ ہے جو آ کر برباد کرتا ہے، اچھا لیڈر وہ ہے جو ووٹ کے بعد بھی رہتا ہے، کارپٹ بیگر وہ ہے جو ووٹ کے بعد بھاگ جاتا ہے، اچھا مددگار وہ ہے جو چندہ غریب تک پہنچاتا ہے، کارپٹ بیگر وہ ہے جو چندہ اپنی جیب میں ڈالتا ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے اصل لوگوں کو پہچانیں، اپنے محلے کے مستحق کو پہچانیں، اپنے محلے کے مخلص نوجوان کو ووٹ دیں، میڈیا کو چاہیے کہ وہ ان کی نقاب کشائی کرے، اور حکومت کو چاہیے کہ ان کے خلاف سخت قانون بنائے، کیونکہ جب تک ہم کارپٹ بیگرز کو پہچان کر مسترد نہیں کریں گے، ہمارا ایکو سسٹم ٹھیک نہیں ہوگا، ہمارا اعتماد بحال نہیں ہوگا، اور ہماری قوم آگے نہیں بڑھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں