26

سیاست کے مقتل میں ضمیر کا آخری علمبردار : نعیم الحسن نعیم

سیاست کے مقتل میں ضمیر کا آخری علمبردار
نعیم الحسن نعیم
سردار خالد ابراہیم خان وہ غازیِ کردار جس نے سیاست کو اصولوں کا وقار عطا کیا. تاریخ کے صفحات پر بعض نام محض نام نہیں ہوتے بلکہ ایک عہد کی پہچان بن جاتے ہیں۔ کچھ شخصیات اپنے منصب اور اقتدار کی وجہ سے یاد رکھی جاتی ہیں، جبکہ کچھ اپنے کردار اور اصولوں کی ایسی خوشبو چھوڑ جاتی ہیں جو وقت گزرنے کے باوجود مدھم نہیں پڑتی۔ سردار خالد ابراہیم خان مرحوم کا شمار بھی انہی غیر معمولی شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے آزاد کشمیر کی سیاست میں اپنی ایک الگ اور باوقار شناخت قائم کی۔ وہ محض ایک سیاست دان نہیں بلکہ اصول پسندی کی ایسی علامت تھے جنہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی میں ثابت کیا کہ سیاست اگر کردار سے خالی ہو جائے تو محض اقتدار کے حصول کی دوڑ بن کر رہ جاتی ہے۔آج ان کی برسی کے موقع پر انہیں یاد کرتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ آزاد کشمیر کی سیاست نے صرف ایک رہنما نہیں کھویا بلکہ ایک ایسا سیاسی کردار بھی کھو دیا جس کی موجودگی ایوانوں میں اصولوں کی پاسداری اور سیاست میں خودداری کی ضمانت سمجھی جاتی تھی۔
سردار خالد ابراہیم خان کی شخصیت کو سمجھنے کے لیے ان کے خاندانی پس منظر سے آگاہی بھی ضروری ہے۔ وہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کے فرزند تھے، جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر میں تاریخی کردار ادا کیا اور آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے پہلے صدر کی حیثیت سے تاریخ میں اپنا نام رقم کیا۔ ایسے سیاسی اور تاریخی پس منظر میں آنکھ کھولنے والے خالد ابراہیم خان کے لیے سیاست کوئی اجنبی میدان نہیں تھی، مگر ان کی اصل پہچان خاندانی نسبت نہیں بلکہ ان کا اپنا کردار اور عمل تھا۔ انہوں نے اپنے والد کی سیاسی میراث کو محض ایک نسبت کے طور پر نہیں اپنایا بلکہ اپنی الگ سیاسی فکر اور منفرد طرزِ عمل سے اپنی شناخت قائم کی۔ان کی سیاست کا سب سے نمایاں وصف اصول پسندی تھا۔ وہ ان سیاست دانوں میں شامل نہیں تھے جو بدلتے حالات کے ساتھ اپنے نظریات اور مؤقف بھی بدل لیتے ہیں۔ ان کے نزدیک سیاسی قیادت کا اصل امتحان اس وقت ہوتا ہے جب اصولوں اور مفادات کے درمیان انتخاب کرنا پڑے۔ وہ سمجھتے تھے کہ عوام کا اعتماد کسی بھی سیاسی رہنما کا سب سے بڑا سرمایہ ہے اور اس اعتماد کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنے ضمیر کو ہر قسم کی مصلحت سے محفوظ رکھے۔ان کی گفتگو میں بے باکی، انداز میں خودداری اور فیصلوں میں اصولی استقامت نمایاں تھی۔ وہ سیاسی اختلاف کو دشمنی نہیں سمجھتے تھے اور نہ ہی اقتدار کی خاطر اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے قائل تھے۔ یہی وجہ تھی کہ ان کے مخالفین بھی ان کے سیاسی کردار اور بے لاگ مؤقف کو نظر انداز نہیں کر سکتے تھے۔ان کی سیاسی زندگی کا ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ انہوں نے اقتدار کے حصول کو اپنی منزل نہیں بنایا۔ حکومتوں میں شامل ہونے یا سیاسی منصب حاصل کرنے کے بجائے اپنی جماعت اور نظریات کی شناخت برقرار رکھنے کو زیادہ اہمیت دی۔ ان کی قیادت میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک ایسی آواز کے طور پر اپنا مقام بنایا جو اصولی اختلاف اور سیاسی خودداری کی بات کرتی تھی۔ وہ اسمبلی کے اندر بھی اپنا مؤقف پوری جرأت سے پیش کرتے اور اسمبلی سے باہر بھی اپنے نظریات پر قائم رہتے تھے۔ان کی زندگی کا سب سے نمایاں اور یادگار واقعہ وہ ہے جس نے انہیں آزاد کشمیر کی پارلیمانی تاریخ میں ایک منفرد مقام عطا کیا۔ وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پر جب ایوان میں سیاسی وفاداریوں اور اقتدار کی تبدیلی کا مرحلہ درپیش تھا تو سردار خالد ابراہیم خان نے اپنے ضمیر اور سیاسی اصولوں کے مطابق فیصلہ کیا۔ ان کے تاریخی الفاظ آج بھی آزاد کشمیر کی سیاست میں غیر معمولی معنویت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’مجھے جانے والے سے کوئی توقع تھی نہ ہی آنے والے سے۔ دونوں میں کوئی فرق نہیں۔ ووٹ امانت تھی۔ کاسٹ کر لیا۔‘‘ان مختصر الفاظ میں ایک مکمل سیاسی فلسفہ پوشیدہ تھا۔ ان کے نزدیک ووٹ کسی شخص کی خوشنودی یا کسی جماعت کی وقتی ضرورت نہیں بلکہ عوام کی طرف سے سونپی گئی امانت ہے، جس کا استعمال ضمیر کے مطابق ہونا چاہیے۔اسی اجلاس میں انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا اور ایوان سے باہر نکل آئے۔ ذرا تصور کیجیے کہ ایک منتخب نمائندہ جس کے پاس اسمبلی میں رہنے اور سیاسی اثر و رسوخ بڑھانے کے مواقع موجود ہوں، وہ اپنے اصولی مؤقف کی خاطر اپنی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ یہ کوئی معمولی سیاسی اقدام نہیں تھا بلکہ ایسا فیصلہ تھا جس میں منصب سے زیادہ ضمیر اور اقتدار سے زیادہ کردار کی حرمت کو اہمیت دی گئی۔اسی لیے ان کا یہ اقدام محض ایک پارلیمانی واقعہ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے سیاسی تربیت کا روشن باب ہے۔ وہ ہمیں یہ سبق دے گئے کہ اسمبلی کی نشست چھوڑی جا سکتی ہے مگر اپنے ضمیر کی نشست نہیں چھوڑی جا سکتی۔ان کی شخصیت کا یہی پہلو انہیں ایک غازیِ کردار بناتا ہے۔ وہ میدان جنگ کے غازی نہیں تھے بلکہ اصولوں کی جنگ لڑنے والے ایسے سیاسی رہنما تھے جنہوں نے مفادات کی کشش کے مقابلے میں اپنے کردار کی سربلندی کو ترجیح دی۔تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے بھی ان کا فکری مؤقف اہمیت کا حامل تھا۔ وہ مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی حیثیت اور کشمیری عوام کے سیاسی مستقبل کو بنیادی اہمیت دیتے تھے۔ ان کے نزدیک آزاد کشمیر کی سیاست کو محدود انتخابی اور جماعتی معاملات سے بلند ہو کر تحریک آزادی کشمیر کے وسیع تر تناظر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ مسئلہ کشمیر کی اصل حیثیت دنیا کے سامنے برقرار رہے اور کشمیری عوام کی سیاسی شناخت اور حق خودارادیت کی آواز کمزور نہ پڑے۔ ان کے نزدیک آزاد کشمیر محض ایک انتظامی خطہ نہیں بلکہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ایک تاریخی اور سیاسی ذمہ داری بھی رکھتا ہے۔سردار خالد ابراہیم خان نے سیاست میں اختلافِ رائے کو زندہ رکھنے کی روایت کو بھی اہمیت دی۔ افسوس کہ ہمارے ہاں سیاست بتدریج شخصیات کی وفاداریوں اور جماعتی وابستگیوں تک محدود ہوتی جا رہی ہے۔ سیاسی مؤقف سے اختلاف کو ذاتی مخالفت سمجھ لیا جاتا ہے اور اصولی سوال اٹھانے والوں کو سیاسی تنہائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سردار خالد ابراہیم خان ایسے ماحول میں بھی اپنی بات کہنے کا حوصلہ رکھتے تھے۔ وہ جانتے تھے کہ اصولی مؤقف اختیار کرنے کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے، مگر وہ اس قیمت سے گھبرانے والے نہیں تھے۔آج آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر نظر ڈالتے ہیں تو ان کی کمی زیادہ شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ بجلی، آٹے، روزگار اور بنیادی سہولیات جیسے مسائل عوام کی زندگی کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان حالات میں سنجیدہ سیاسی توجہ اور مؤثر حکمت عملی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ آج سیاسی جماعتیں، انتخابی سرگرمیاں اور اقتدار کے حصول کے لیے جوڑ توڑ تو موجود ہیں، مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہمارے سیاسی منظرنامے میں اصولی سیاست کا وہ وقار بھی باقی ہے جس کی نمائندگی سردار خالد ابراہیم خان کیا کرتے تھے؟کیا کوئی ایسا سیاسی کردار موجود ہے جو عوامی امانت کو ذاتی اور جماعتی مفاد سے بلند رکھ سکے؟ کیا کوئی ایسا رہنما ہے جو اپنے اصولی مؤقف کے لیے اپنی نشست اور منصب تک قربان کرنے کا حوصلہ رکھتا ہو؟ یہ سوال کسی ایک جماعت یا شخصیت کے لیے نہیں بلکہ پوری سیاسی قیادت کے لیے ہیں۔آزاد کشمیر کو آج ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو عوام کے اعتماد کو اپنی سب سے بڑی سیاسی قوت سمجھے، تحریک آزادی کشمیر کے بنیادی مقصد کو فراموش نہ کرے، قانون کی بالادستی اور جمہوری اداروں کے احترام پر یقین رکھے اور عوامی مسائل کے حل کو اپنی سیاست کا محور بنائے۔
سردار خالد ابراہیم خان کی یاد منانے کا حقیقی مقصد بھی یہی ہونا چاہیے کہ ان کے کردار اور سیاسی اصولوں کو محض تقاریر اور تعزیتی پیغامات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کی فکر کو عملی سیاست کا حصہ بنایا جائے۔ ان کی برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنا آسان ہے مگر ان کے نقش قدم پر چلنا ایک مشکل ذمہ داری ہے۔ محض تصاویر پر پھول چڑھانے اور رسمی بیانات جاری کرنے سے تاریخ کے قرض ادا نہیں ہوتے۔ کسی رہنما کی اصل یاد اس وقت زندہ رہتی ہے جب اس کے نظریات اور اصول آنے والی نسلوں کے کردار میں دکھائی دیں۔سردار خالد ابراہیم خان کی سیاسی زندگی آج کی نسل کو یہ پیغام دیتی ہے کہ سیاست میں کامیابی کا پیمانہ صرف اقتدار میں رہنا نہیں بلکہ عوام کے دلوں میں عزت کے ساتھ زندہ رہنا ہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے بجائے اصولوں کی راہ کو ترجیح دی۔ وہ جانتے تھے کہ سیاسی زندگی عارضی ہے مگر کردار کی گواہی دیرپا ہوتی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ان کے دنیا سے رخصت ہونے کے برسوں بعد بھی ان کے فیصلوں اور تاریخی الفاظ کا ذکر احترام سے کیا جاتا ہے۔وہ ہمیں یہ سمجھا گئے کہ سیاست میں قد کاٹھ تقریروں کی بلندی سے نہیں بلکہ کردار کی مضبوطی سے پیدا ہوتا ہے۔ عوامی نمائندگی کسی طاقت کے سامنے سر جھکانے کا نام نہیں بلکہ عوام کے اعتماد اور اپنے ضمیر کے سامنے جواب دہ ہونے کا نام ہے۔آج ان کی برسی پر انہیں یاد کرتے ہوئے دل یہی گواہی دیتا ہے کہ بعض شخصیات جسمانی طور پر دنیا سے رخصت ہو جاتی ہیں مگر اپنے کردار کی بدولت تاریخ میں زندہ رہتی ہیں۔ سردار خالد ابراہیم خان بھی انہی لوگوں میں شامل تھے۔ وہ اقتدار کے ایوانوں سے نکل کر بھی سیاسی تاریخ کے ایوان میں اپنا مقام محفوظ کر گئے۔ان کی زندگی اور جدوجہد کا سب سے بڑا پیغام یہی ہے کہ انسان کی اصل پہچان اس کا عہدہ نہیں بلکہ اس کا کردار ہوتا ہے۔ عہدے ختم ہو جاتے ہیں، حکومتیں بدل جاتی ہیں اور اسمبلیاں تحلیل ہو جاتی ہیں، مگر اصولوں پر کھڑا ہونے والا انسان اپنے بعد بھی لوگوں کے ضمیر میں زندہ رہتا ہے۔بلاشبہ سردار خالد ابراہیم خان ایک غازیِ کردار تھے جنہوں نے سیاست کو خودداری کا مفہوم عطا کیا اور اپنی زندگی سے ثابت کیا کہ اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے والے لوگ کبھی تاریخ سے رخصت نہیں ہوتے۔ وہ مر کر بھی بزمِ وفا میں زندہ ہیں۔اللہ تعالیٰ انہیں کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آزاد کشمیر کو ایسی باکردار اور اصول پسند قیادت نصیب فرمائے جو ان کے سیاسی کردار سے روشنی حاصل کر سکے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں