28

سرحدوں کے پار سازشوں کا جال حمید علی

پاکستان اس وقت دہشت گردی کے ایک ایسے پیچیدہ اور خطرناک چیلنج سے نبرد آزما ہے جس کی جڑیں محض داخلی بدامنی تک محدود نہیں رہیں بل کہ اس کے اثرات علاقائی سیاست، سرحد پار مداخلت اور عالمی طاقتوں کے مفادات سے بھی جڑتے دکھائی دیتے ہیں۔ گزشتہ دو دہائیوں میں پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جو طویل جنگ لڑی ہے اس میں ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانی دی، اربوں ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کیا اور اپنے امن و استحکام کی بحالی کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔ مگر افسوس کہ امن کی جانب بڑھتے ہوئے قدموں کو ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کی نئی لہر روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کے پس پردہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم پراکسی نیٹ ورکس اور افغان سرزمین سے ان کی مبینہ معاونت کا معاملہ ایک مرتبہ پھر نمایاں طور پر سامنے آیا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف تخریبی سرگرمیوں کے لیے استعمال کر رہا ہے اور کالعدم تحریک طزالبان پاکستان سمیت دہشت گرد عناصر کو مختلف طریقوں سے معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ صورت حال اس امر کی متقاضی ہے کہ خطے میں دہشت گردی کے بدلتے ہوئے محرکات کو سنجیدگی سے سمجھا جائے۔

پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل کئی اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے، پولیس اہل کاروں کی شہادتیں، خودکش دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اس بات کی نشان دہی کرتے ہیں کہ دہشت گرد عناصر منظم انداز میں ریاستی اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد صرف انسانی جانوں کا ضیاع نہیں بل کہ عوام میں خوف پیدا کرنا، ریاستی اداروں کو کم زور کرنا، معاشی سرگرمیوں کو متاثر کرنا اور پاکستان کے داخلی استحکام کو نقصان پہنچانا بھی ہے۔ ان واقعات کے پس منظر میں سرحد پار معاونت اور بیرونی سرپرستی کے شواہد موجود ہیں یہ محض پاکستان کا داخلی مسئلہ نہیں رہتا بل کہ پورے خطے کی سلامتی کا معاملہ بن جاتا ہے۔

یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ جس پاکستان نے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم کردار ادا کیا اور جس نے اپنے وسائل اور انسانی قوت کا بڑا حصہ اس جنگ میں صرف کیا، اسے آج بھی دہشت گردی کے مسلسل خطرات کا سامنا کیوں ہے؟ پاکستان نے آپریشن ضربِ عضب اور آپریشن ردالفساد جیسے بڑے اقدامات کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، ان کے نیٹ ورکس کو توڑا اور ریاستی عمل داری کی بحالی کے لیے غیر معمولی قربانیاں دیں۔ ان کارروائیوں میں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کے ساتھ پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں نے بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف عالمی سطح پر بھی مختلف مواقع پر کیا جاتا رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی تعاون، اقوام متحدہ کے انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات اور عالمی فورمز پر پاکستان کے کردار کا ذکر اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ پاکستان اس جنگ کا محض متاثرہ ملک نہیں بل کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عملی جدوجہد کرنے والا ایک اہم فریق بھی رہا ہے۔ اس جنگ نے ہماری معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔ سرمایہ کاری متاثر ہوئی، کاروباری سرگرمیاں محدود ہوئیں، سیاحت کو دھچکا لگا اور ترقی کے کئی امکانات سکیورٹی کے مسائل کی نذر ہوگئے۔ اس کے باوجود پاکستان نے امن کے قیام کی کوششیں جاری رکھیں۔

افغانستان کی موجودہ صورت حال بھی اس تناظر میں غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ افغان عبوری حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں ہو رہی ہیں کابل کو ان کے سدباب کے لیے محض یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ پاکستان اپنے تحفظات سفارتی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھانے، ٹھوس شواہد عالمی برادری کے سامنے رکھنے اور سرحدی نگرانی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح بھارت کی مبینہ مداخلت کے معاملے کو عالمی فورمز پر دستاویزی شواہد کے ساتھ اٹھانا ناگزیر ہے تاکہ خطے میں دہشت گردی کے محرکات کو بے نقاب کیا جا سکے۔

تاہم یہ حقیقت بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف فوجی کارروائیوں سے نہیں جیتی جا سکتی۔ انٹیلی جنس نظام کی بہتری، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے ذرائع کا خاتمہ، سیاسی استحکام، معاشی مضبوطی اور قومی یکجہتی اس جدوجہد کے بنیادی ستون ہیں۔ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا قائم رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے لیے معاشرتی تقسیم اور محرومیوں سے فائدہ نہ اٹھا سکیں۔

پاکستان کسی ملک سے تصادم نہیں چاہتا۔ ہماری خواہش خطے میں امن، باہمی احترام اور خود مختار ریاستوں کے درمیان پُرامن تعلقات کا قیام ہے۔ لیکن امن کی خواہش کو کم زوری سمجھنے والوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستان اپنی سلامتی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتا۔ اس ملک نے دہشت گردی کے خلاف جو قربانیاں دی ہیں وہ محض اعداد و شمار نہیں بل کہ ہزاروں خاندانوں کی زندگیوں کی داستان ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے تحفظات کو سنجیدگی سے لے اور دہشت گردی کے خلاف اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ کیونکہ پاکستان کا امن صرف پاکستان کی ضرورت نہیں بل کہ پورے خطے کے محفوظ اور مستحکم مستقبل کی ضمانت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں