پاکستان کی معیشت آج ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں قرض کی ہر نئی قسط کے ساتھ عوام کے لیے مشکلات کا ایک نیا باب کھل جاتا ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مذاکرات میں معاشی استحکام اور مالیاتی اصلاحات کی باتیں تو بہت ہوتی ہیں لیکن ان فیصلوں کی قیمت بالآخر عام شہری کو مہنگائی اور معاشی دباؤ کی صورت میں ادا کرنا پڑتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر کب تک قومی معیشت کی کمزوریوں کا بوجھ عوام کے کندھوں پر منتقل کیا جاتا رہے گا؟ کیا اصلاحات کا کوئی ایسا راستہ نہیں ہو سکتا جس میں ریاست اپنی ذمہ داریاں بھی پوری کرے اور عوام کو مسلسل قربانیوں کا ایندھن بھی نہ بننا پڑے؟
پاکستان بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ، محدود زرمبادلہ ذخائر، درآمدات پر انحصار، کمزور برآمدات اور قرضوں کی بھاری ادائیگیوں جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ ان حالات میں مالیاتی نظم و ضبط، ٹیکس نیٹ کی توسیع اور سرکاری اداروں کی اصلاح ناگزیر ہے۔ تاہم معاشی بحران سے نکلنے کا مطلب یہ نہیں کہ ہر بار آسان ہدف سمجھ کر عام شہری ہی پر نئے مالی بوجھ ڈال دیے جائیں۔ پائیدار معاشی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ ریاست اپنے وسائل اور اخراجات کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لے۔
پیٹرولیم سبسڈی کا خاتمہ بھی اسی تناظر میں اہمیت رکھتا ہے۔ غیر ہدفی رعایتیں قومی خزانے پر دباؤ ڈالتی ہیں اور ان کا فائدہ زیادہ وسائل رکھنے والے صارفین کو بھی پہنچتا ہے۔ اس لیے سبسڈی کو شفاف بناتے ہوئے مستحق طبقات تک محدود کرنا ایک قابلِ فہم اقدام ہے۔ تاہم اچانک سبسڈی ختم کرنے سے ٹرانسپورٹ، زرعی مشینری اور مال برداری کی لاگت بڑھ سکتی ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ صرف گاڑی رکھنے والوں کو متاثر نہیں کرتا بل کہ اس کے اثرات سبزی، آٹا، دودھ، ادویات اور روزمرہ ضرورت کی دیگر اشیا کی قیمتوں تک پہنچتے ہیں۔ اس لیے کسی بھی فیصلے میں کم آمدن گھرانوں اور کسانوں کے تحفظ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
آئی ایم ایف بھی اب پاکستان کو محض معاشی استحکام تک محدود رکھنے کے بجائے بنیادی ساختی اصلاحات کی ضرورت پر زور دے رہا ہے۔ اسلام آباد میں پائیدار ترقیاتی پالیسی ادارے (ایس ڈی پی آئی) کی 29ویں پائیدار ترقی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایم ایف کے مقامی نمائندے ڈاکٹر ماہر بنیکی نے واضح کیا کہ معاشی استحکام کو سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت اور برآمدات میں اضافے میں تبدیل کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق مشکل معاشی فیصلوں کے بعد استحکام کی بحالی ایک اہم پیش رفت ہے لیکن اس کامیابی کو برقرار رکھنے کے لیے مستقل مزاجی سے بنیادی اصلاحات کرنا ہوں گی۔
ڈاکٹر ماہر بنیکی نے اصلاحات کے پانچ اہم شعبوں کی نشان دہی کی جن میں معاشی استحکام، وسائل کی بہتر تقسیم، کاروبار کی لاگت میں کمی، ترقی دوست مالیاتی نظام اور بہتر طرزِ حکمرانی شامل ہیں۔ انہوں نے صوبائی سطح پر ٹیکس وصولیوں میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو مؤثر ریاستی نظام اور بنیادی عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے مجموعی قومی پیداوار کے کم از کم 15 فیصد کے مساوی محصولات متحرک کرنے چاہییں۔ یہ نکتہ واضح کرتا ہے کہ معاشی مسئلے کا حل محض موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنا نہیں بل کہ ٹیکس کا دائرہ وسیع اور منصفانہ بنانا ہے۔
یہاں بنیادی سوال ریاستی ترجیحات کا ہے۔ اگر زرعی آمدن، جائیداد اور دیگر شعبوں سے ان کی حقیقی استعداد کے مطابق محصولات وصول کیے جائیں تو خزانے کو سہارا مل سکتا ہے۔ مراعات یافتہ طبقات اور ٹیکس سے بچنے والے شعبوں کو نظام میں لائے بغیر محصولات کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہے۔ اسی طرح سرکاری اداروں کے مسلسل نقصانات، غیر ضروری اخراجات اور انتظامی نااہلی پر قابو پائے بغیر مالیاتی اصلاحات کا دعویٰ ادھورا رہے گا۔ ریاست کو عوام سے قربانی مانگنے سے پہلے اپنے نظام کی خامیاں دور کرنا ہوں گی۔
پاکستان قرضوں کے ایسے چکر میں پھنسا ہوا ہے جس میں پرانے قرض اتارنے کے لیے نئے قرض درکار ہوتے ہیں۔ اس دائرے سے نکلنے کے لیے صرف کفایت شعاری کافی نہیں۔ برآمدات میں اضافہ، زرعی پیداوار کی بہتری، صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور ٹیکس چوری کی روک تھام بنیادی ضرورتیں ہیں۔ حکومت کو مذاکرات میں قومی مفاد، معاشرتی تحفظ اور طویل مدتی ترقی کو مقدم رکھنا چاہیے۔ قرض کی قسط وقتی سہارا فراہم کر سکتی ہے لیکن مضبوط معیشت اپنی پیداوار، وسائل اور منصفانہ مالیاتی نظام کی بنیاد پر کھڑی ہوتی ہے۔
معاشی استحکام محض اعداد و شمار کی بہتری یا قرض کی نئی قسط مل جانے کا نام نہیں۔ اس کی اصل کامیابی اس وقت سامنے آئے گی جب عام شہری کی زندگی میں آسانی پیدا ہو، کاروبار کے مواقع بڑھیں اور ریاست اپنے اخراجات اور آمدن میں توازن قائم کر سکے۔ پاکستان کو قرض کی ضرورت سے نکلنے کے لیے ایسے فیصلے کرنا ہوں گے جن کا بوجھ صرف کمزور طبقے پر نہ پڑے۔ آخرکار سوال قرض لینے یا نہ لینے کا نہیں بل کہ اس کی قیمت اور استعمال کا ہے۔ اگر اصلاحات کا فائدہ ریاستی نظام کو پہنچے اور ان کی قیمت عوام ادا کرتے رہیں تو معاشی استحکام کا خواب کبھی حقیقت نہیں بن سکے گا۔











