عمان (رپورٹ: روزنامہ اگلا قدم) اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کے دونوں سیمی فائنلز میں ایشیا کی چار مضبوط ٹیموں پاکستان، بنگلہ دیش، بھارت اور افغانستان نے جگہ بنائی۔
پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن پاکستان نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 31.4 اوورز میں 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 30 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صیام نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف صرف 21.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حیم خان نے 69 رنز جبکہ عثمان خان نے ناقابلِ شکست 64 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 123 رنز کی شراکت قائم کی۔
دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا
دوسرے سیمی فائنل میں بھارت انڈر 19 نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔ نورمان سالارزئی اور شاہ فیصل رحیمی نے 51، 51 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان سہیل خان 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے ایشان سود نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آریان ساوسانی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارت نے 228 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
فائنل میں پاکستان اور بھارت کا بڑا ٹاکرا 14 نومبر کو ہوگا
دونوں سیمی فائنلز کے نتائج کے بعد اب انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 نومبر کو عمان میں کھیلا جائے گا۔ کرکٹ شائقین کو ایک سنسنی خیز مقابلے کا انتظار ہے، جہاں دفاعی چیمپئن پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے گا۔











