قارئین کرام، پرانے زمانے میں امریکہ میں ایک لفظ استعمال ہوتا تھا، “کارپٹ بیگر” یعنی وہ شخص جو قالین کا بیگ اٹھا کر باہر سے آتا تھا اور مقامی لوگوں کی مصیبتوں سے ناجائز فائدہ اٹھاتا تھا۔ آج 2026 میں اگر آپ پاکستان کے چوراہوں، بازاروں اور اسمبلیوں کے ایوانوں پر نظر دوڑائیں تو آپ کو ہو بہو وہی کارپٹ بیگرز نظر آئیں گے، فرق صرف اتنا ہے کہ اب ان کے کندھے پر قالین کا بیگ نہیں بلکہ ووٹ کی پرچی، ترقیاتی فنڈز کی ٹھیکے کی فائل اور چندے کی رسید سجی ہوتی ہے۔ آج کے اس دور میں ان کارپٹ بیگرز کی بنیادی طور پر چار اہم قسمیں ہمارے معاشرے کی جڑیں کھوکھلی کر رہی ہیں۔ پہلی قسم سیاسی کارپٹ بیگر کی ہے جو الیکشن سے محض چند ماہ قبل اچانک آپ کے علاقے میں نازل ہوتا ہے، اس سے قبل پورے پانچ سال تک اس کی شکل بھی دیکھنے کو نہیں ملتی، مگر آتے ہی وہ مساجد کے چندوں، جنازوں میں شرکت اور شادیوں کے سلام میں پیش پیش نظر آتا ہے۔ الیکشن جیتنے کے بعد وہ اسلام آباد کی پرتعیش فضائوں میں گم ہو جاتا ہے اور ہارنے کی صورت میں اگلے پانچ سال کے لیے روپوش ہو جاتا ہے، اس کا اس علاقے کی مٹی یا عوام کے دکھ درد سے کوئی جذباتی تعلق نہیں ہوتا بلکہ اس کا رشتہ صرف اور صرف گنتی کے چند ووٹوں سے ہوتا ہے۔ دوسری قسم چوراہے کے کارپٹ بیگر کی ہے جو دراصل ایک منظم مافیا کی شکل اختیار کر چکا ہے، یہ عناصر دوسرے شہروں سے معصوم اور لاچار بچوں کو اٹھا کر آپ کے شہر کے اہم چوراہوں پر بھیک مانگنے کے لیے بٹھا دیتے ہیں، جس سے آپ کے اپنے شہر کے مقامی مستحق اور غریب لوگ پیچھے دھکیل دیے جاتے ہیں۔ یہ مافیا دن بھر کا کمایا ہوا سارا روپیہ لے کر شام کو واپس دوسرے شہر فرار ہو جاتا ہے، یوں یہ باہر سے آ کر عوام کے جذبات اور احساسِ ہمدردی کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔ تیسری قسم چندہ کارپٹ بیگر کی ہے جو ملک میں کسی بھی قدرتی آفت، سیلاب، زلزلے یا ہنگامی صورتحال کے دوران سب سے پہلے متحرک ہوتا ہے، یہ کیمروں کی چکاچوند اور اسپاٹ لائٹس کے سامنے متاثرین میں راشن تقسیم کرنے کا ڈھونگ رچاتا ہے، ویڈیوز بنوا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا ہے اور اندھا دھند چندہ اکٹھا کر کے غائب ہو جاتا ہے۔ مصیبت زدہ عوام کو ان کے حق کا محض دس فیصد حصہ ملتا ہے جبکہ نوے فیصد رقم اس کی ذاتی تجوریاں بھرنے کے کام آتی ہے، بالکل ویسے ہی جیسے تاریخی بحرانوں کے دوران لوگ انسانی المیوں کو منافع بخش کاروبار میں بدل دیا کرتے تھے۔ چوتھی اور جدید ترین قسم میڈیا کارپٹ بیگر کی ہے جو معاشرتی ناانصافیوں یا لڑائی جھگڑوں کی سنسنی خیز ویڈیوز بنا کر انہیں فوری طور پر وائرل کرتا ہے، اسے حقائق کی جستجو یا اصلاح سے کوئی غرض نہیں ہوتی بلکہ اس کا واحد مقصد زیادہ سے زیادہ ویوز، لائکس اور مالی کمائی حاصل کرنا ہوتا ہے، یہ نفرت اور تفرقہ بیچ کر اپنی دکان چمکاتا ہے اور ہمارے معاشرتی ایکو سسٹم کو زہر آلود کر دیتا ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کارپٹ بیگر اور عام مارپیٹ بیگر میں بنیادی فرق کیا ہے، تو اسے یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ مارپیٹ بیگر وہ نچلے درجے کا کردار ہے جو چوراہے پر آپ سے براہ راست الجھتا ہے جبکہ کارپٹ بیگر وہ بالادست اور طاقتور کردار ہے جو اس مارپیٹ بیگر کو اس چوراہے پر لا کر بٹھاتا ہے۔ ایک شخص گلی کوچوں میں عوام سے لڑتا ہے جبکہ دوسرا اسمبلی کے فرش پر قانون سازی کی آڑ میں لڑتا ہے، ایک آپ کی جیب سے دس روپے چھینتا ہے تو دوسرا آپ کے محکموں سے لاکھوں روپے کے فنڈز ہڑپ کر جاتا ہے، لیکن ان دونوں کا اصل ہدف اور وطیرہ ایک ہی ہے یعنی آپ کی مجبوری اور بے بسی کا استحصال کرنا۔ یہ تمام عناصر مل کر ہمارے اجتماعی ایکو سسٹم کو تباہ و برباد کر رہے ہیں، کیونکہ قدرت کا اٹل اصول ہے کہ کسی بھی جنگل کا توازن باہر کا کوئی درندہ آ کر بگاڑنے کی کوشش کرے تو جنگل کا قدرتی نظام اسے مسترد کر دیتا ہے، مگر ہمارے معاشرے میں ہم نے خود اپنے ہاتھوں سے بیرونی عناصر کو اس بات کی کھلی اجازت دے دی ہے کہ وہ آئیں اور ہمارا پورا سسٹم تہس نہس کر کے چلے جائیں۔ اس کے نتیجے میں سب سے پہلے ہمارا اصل مقامی غریب انسان، مقامی قیادت اور مقامی باشعور طبقہ پیچھے رہ گیا ہے، باہر سے آنے والے موقع پرستوں نے آ کر ان کے حقوق پر غاصبانہ قبضہ جما لیا ہے، جس کے باعث معاشرے میں باہمی اعتماد کا وہ رشتہ جو کو-ایگزسٹنس کی بنیاد تھا، ہمیشہ کے لیے ٹوٹ چکا ہے۔ اب صورتحال یہ بن چکی ہے کہ عام انسان ایک دوسرے پر شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے، کوئی کسی بھیک مانگنے والے پر ترس کھانے کو تیار نہیں، کوئی کسی سیاستدان کے وعدے پر یقین نہیں رکھتا اور نہ ہی کوئی چندہ دینے والے کی دیانت پر بھروسہ کرنے کی جرات کرتا ہے، اور جب معاشرے سے باہمی اعتماد کا یہ سرمایہ ختم ہو جائے تو پورا ایکو سسٹم زوال پذیر ہو جاتا ہے۔ ان مکار اور موقع پرست کارپٹ بیگرز کو پہچاننے کے لیے تین بنیادی نشانیاں ہمیشہ ذہن نشین رکھنی چاہئیں، پہلی یہ کہ یہ صرف مصیبت اور بحران کے وقت آپ کے دروازے پر دستک دیں گے، آپ کے بچوں کی خوشیوں یا تقریبات میں کبھی شریک نہیں ہوں گے کیونکہ مصیبت میں چندے کی کمائی ہوتی ہے جبکہ خوشی میں خرچ کرنا پڑتا ہے۔ دوسری نشانی یہ ہے کہ ان کی اپنی کوئی جڑیں، مستقل ٹھکانے یا خاندانی وابستگیاں اس علاقے میں نہیں ہوتیں، ان کا گھر، کاروبار اور اہل خانہ سب کہیں اور ہوتے ہیں اور وہ محض اپنے ذاتی مفاد کی خاطر آپ کے پاس آتے ہیں۔ تیسری اور سب سے اہم نشانی یہ ہے کہ ایک اچھا لیڈر، مخلص مہمان یا حقیقی مددگار جب بھی رخصت ہوتا ہے تو اپنے پیچھے کوئی اسکول، اسپتال یا پختہ سڑک چھوڑ کر جاتا ہے جبکہ کارپٹ بیگر جاتے ہوئے ہمیشہ آپ کے لیے صرف خالی جیبیں اور ویرانیاں چھوڑ جاتا ہے۔ اس ناسور کا حتمی حل یہی ہے کہ عوام سب سے پہلے اپنے حقیقی مقامی مستحقین کو پہچانیں، خیرات اور امداد ہمیشہ اپنے محلے کے اصل نادار اور محنت کش انسان تک پہنچائیں نہ کہ باہر سے آنے والے کسی پیشہ ور گروہ تک، اور ووٹ ہمیشہ اپنے محلے کے درد رکھنے والے اور پر خلوص نوجوان کو دیں نہ کہ کسی باہر سے آنے والے سیاسی پیراشوٹر کو۔ دوسری طرف میڈیا کا اخلاقی فریضہ یہ بنتا ہے کہ وہ ان کارپٹ بیگرز کی نقاب کشائی کرے اور سچی خبریں سامنے لائے نہ کہ ان کی تخریبی ویڈیوز کو وائرل کر کے انہیں معاشرے کا ہیرو بنا دے، جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ بھیک کے نام پر بچوں کا استحصال کرنے والا مافیا ہو یا الیکشن کے نام پر عوام کو لوٹنے والے عناصر ہوں، دونوں کے خلاف ایک جیسا سخت اور کالا قانون ہونا چاہیے۔ تاریخ گواہ ہے کہ امریکہ نے وقت رہتے ان کارپٹ بیگرز سے جان چھڑا لی تھی کیونکہ وہاں کے بیدار مغز عوام نے بروقت پہچان لیا تھا کہ ان کا اپنا کون ہے اور پرایا کون ہے، اب وقت آ چکا ہے کہ ہم بھی اس حقیقت کو سمجھیں، اپنے اجتماعی ایکو سسٹم کو بچائیں اور اپنے حقیقی لوگوں کی پہچان کریں کیونکہ باہر سے آنے والا مہمان تو رحمت ہوتا ہے مگر باہر سے آ کر وسائل لوٹنے والا ہمیشہ کارپٹ بیگر کہلاتا ہے، اس لیے اجتماعی بقا کے لیے ضروری ہے کہ باہم مل کر جیو اور اپنا حق کسی بھی کارپٹ بیگر کی بھینٹ نہ چڑھاؤ۔
79











