42

عنوان: عورت… ہوس کا نشان یا عزت کا نشان؟ تحریر: سیدہ کنزہ بتول

عورت کیا ہے؟
یہ سوال جتنا چھوٹا ہے، اس کا جواب اتنا ہی گہرا ہے۔
عورت صرف ایک لفظ نہیں، ایک پوری تاریخ ہے، ایک پوری کائنات ہے۔ عورت کے بغیر یہ دنیا ادھوری ہے۔ اگر مرد اس دنیا کی عمارت ہے تو عورت اس عمارت کی بنیاد ہے۔ بنیاد کمزور ہو تو عمارت کبھی کھڑی نہیں رہ سکتی۔ہمارے دین اسلام نے عورت کو جو مقام دیا ہے، وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیا۔
جب پوری دنیا میں بیٹی کو زندہ دفن کیا جاتا تھا، اسلام نے کہا بیٹی رحمت ہے۔
جب عورت کو وراثت سے محروم رکھا جاتا تھا، اسلام نے کہا اس کا حصہ ہے۔
جب عورت کو ایک سامان سمجھا جاتا تھا، اسلام نے کہا ماں کے قدموں تلے جنت ہے۔ماں، بہن، بیٹی، بیوی… ہر روپ میں عورت قابلِ احترام ہے۔لیکن آج کا المیہ کیا ہے؟
آج 21 ویں صدی میں، جب ہم خود کو بہت ماڈرن اور تعلیم یافتہ کہتے ہیں، ہم نے اسی عورت کو ایک بار پھر سے سامان بنا دیا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ پہلے زمانہ جاہلیت میں اسے بازار میں بیچا جاتا تھا، آج ڈیجیٹل بازار میں بیچا جا رہا ہے۔ذرا آنکھیں کھول کر دیکھیں:
سوشل میڈیا پر عورت: آج ویوز اور فالوورز کی دوڑ میں عورت کے جسم کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایک اچھا کالم، ایک اچھی سوچ کوئی نہیں دیکھتا، لیکن اگر ایک عورت بے لباس ہو کر سامنے آ جائے تو لاکھوں ویوز آ جاتے ہیں۔ یہ عزت ہے یا تذلیل؟ اشتہارات میں عورت:* مردوں کی شیونگ کریم بیچنی ہو تو عورت، موٹر سائیکل بیچنا ہو تو عورت، یہاں تک کہ سیمنٹ اور سریا بیچنے کے لیے بھی عورت۔ کیا عورت صرف مرد کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا ایک ہتھیار رہ گئی ہے؟
ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں عورت: ہمارے ڈراموں میں عورت کو کبھی مظلوم، کبھی سازشی اور کبھی صرف جسمانی نمائش کا ذریعہ بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔ اسے بتایا جا رہا ہے کہ تمہاری کامیابی تمہاری تعلیم اور کردار میں نہیں، تمہارے کپڑے اتارنے میں ہے۔یہ کیسی آزادی ہے جس کا نعرہ لگایا جاتا ہے؟آج اگر ایک بچی حجاب کرتی ہے، پردہ کرتی ہے تو اسے کہا جاتا ہے تم قید ہو، تم دقیانوسی ہو۔ اور اگر وہی بچی چھوٹے کپڑے پہن کر سڑک پر آ جائے تو کہا جاتا ہے واہ! کتنی آزاد خیال ہے۔یہ آزادی نہیں، یہ سب سے بڑا دھوکہ ہے۔آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ عورت سے اس کا لباس چھین لیا جائے، آزادی کا مطلب یہ ہے کہ عورت کو اتنا محفوظ ماحول دیا جائے کہ وہ رات کے 2 بجے بھی اکیلی نکلے تو خود کو محفوظ سمجھے۔ آزادی کا مطلب یہ ہے کہ اسے نوکری دفاتر میں ہراساں نہ کیا جائے۔ آزادی کا مطلب یہ ہے کہ اسے جہیز کے لیے نہ جلایا جائے۔عورت کو ہوس کا نشان بنانے والو! ذرا سوچو، تمہارے گھر میں بھی تو ماں ہے، بہن ہے، بیٹی ہے۔ کیا تم پسند کرو گے کہ کل کو کوئی تمہاری بہن بیٹی کو بھی اسی نظر سے دیکھے جس نظر سے تم دوسروں کی بہن بیٹیوں کو دیکھتے ہو؟ہمیں سوچنا ہوگا۔ہمیں اپنی بیٹیوں کو یہ سکھانا ہوگا کہ تمہاری اصل خوبصورتی تمہارے چہرے یا جسم میں نہیں، تمہارے کردار، تمہاری حیا اور تمہاری تعلیم میں ہے۔اور ہمیں اپنے بیٹوں کو یہ سکھانا ہوگا کہ عورت کھلونا نہیں، عزت ہے۔ اس کی عزت کرو گے تو تمہاری اپنی عزت بڑھے گی آخر میں صرف اتنا کہوں گاجس معاشرے میں عورت روئے گی، وہ معاشرہ کبھی ہنس نہیں سکتا۔جس معاشرے میں عورت کی عزت نیلام ہوگی، وہ معاشرہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا،عورت کو ہوس کا نشان مت بناؤ، اسے عزت کا نشان بناؤ۔ کیونکہ عورت کی عزت میں ہی اس قوم کی عزت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں