28

صنعتوں کا زوال اور معیشت کا مستقبل :حمید علی

پاکستان کی معیشت آج جس دوراہے پر کھڑی ہے وہاں سب سے بڑا سوال یہ نہیں کہ ملک کے مالیاتی اشاریے کب بہتر ہوں گے بل کہ اصل سوال یہ ہے کہ ہماری صنعتیں کب اپنے قدموں پر کھڑی ہوں گی۔ کسی بھی ملک کی معاشی خود مختاری کا انحصار محض قرضوں کے حصول۔ بیرونی امداد یا مالیاتی معاہدوں پر نہیں ہوتا بل کہ اس کی حقیقی طاقت مضبوط صنعتی ڈھانچے۔ پیداواری صلاحیت اور عالمی منڈیوں میں مسابقت کی اہلیت سے جنم لیتی ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں صنعتی ترقی کا پہیہ ایک طویل عرصے سے سست روی کا شکار ہے اور اس جمود نے قومی معیشت کی بنیادوں کو کمزور کر دیا ہے۔

گزشتہ چند برسوں کے معاشی حالات کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ توانائی کی بلند قیمتیں۔ مہنگی بجلی۔ بھاری ٹیکسوں کا بوجھ۔ شرح سود میں غیر یقینی کیفیت۔ خام مال کی درآمد میں مشکلات اور حکومتی پالیسیوں کے عدم تسلسل نے صنعتی شعبے کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ چھوٹی اور بڑی صنعتیں یکساں طور پر ان مسائل سے نبرد آزما ہیں۔ کئی کارخانوں نے اپنی پیداواری سرگرمیاں محدود کر دی ہیں جب کہ بعض اداروں نے لاگت پوری نہ ہونے کے باعث کاروبار بند کرنے یا ملازمین کی تعداد کم کرنے کو ترجیح دی ہے۔ یہ صورت حال محض صنعتی مالکان کا نقصان نہیں بل کہ قومی پیداواری قوت کا ضیاع ہے۔

پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے تجارتی اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں ملکی برآمدات تقریباً 32 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچیں جب کہ گزشتہ مالی سال میں یہ حجم تقریباً 30.7 ارب ڈالر تھا۔ بظاہر یہ اضافہ حوصلہ افزا دکھائی دیتا ہے مگر عالمی منڈی میں پاکستان کے امکانات اور صنعتی استعداد کو سامنے رکھا جائے تو یہ پیش رفت ناکافی محسوس ہوتی ہے۔ خصوصاً ٹیکسٹائل اور ملبوسات کا شعبہ جو ہماری برآمدی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے عالمی مسابقت۔ پیداواری لاگت اور علاقائی حریفوں کی پالیسیوں کے باعث مسلسل دباؤ میں ہے۔ بنگلہ دیش۔ ویت نام اور بھارت جیسی معیشتیں اپنی برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے صنعتی سہولتوں اور تجارتی روابط کو وسعت دے رہی ہیں جب کہ ہم اب بھی بنیادی پیداواری مسائل کے گرداب سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

معاشی ترقی کے اعدادوشمار بھی اس صورت حال کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاکستان اکنامک سروے 2024-25 کے مطابق مالی سال 2024-25 میں ملکی مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو تقریباً 2.68 فیصد رہی۔ یہ شرح اس حقیقت کی نشان دہی کرتی ہے کہ معیشت ابھی تک ایسی رفتار حاصل نہیں کر سکی جو بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے خاطر خواہ روزگار اور بہتر معیار زندگی کی ضمانت بن سکے۔ اسی طرح بڑی صنعتی پیداوار کے شعبے میں بھی بحالی کی رفتار غیر تسلی بخش رہی۔ یاد رکھنا چاہیے کہ جب صنعتیں پوری استعداد سے کام نہیں کرتیں تو صرف پیداوار ہی متاثر نہیں ہوتی بل کہ خام مال فراہم کرنے والے کاروبار۔ ٹرانسپورٹ۔ گوداموں۔ ہول سیل مارکیٹوں اور لاکھوں محنت کش خاندانوں کی آمدن بھی سکڑنے لگتی ہے۔

اس صنعتی جمود کا سب سے المناک پہلو بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہے۔ ایک کارخانے کا بند ہونا دراصل سیکڑوں گھروں کے چولہوں کی حرارت کم ہونے کے مترادف ہے۔ جب کسی مزدور کی ملازمت ختم ہوتی ہے تو اس کے بچوں کی تعلیم۔ خاندان کی صحت اور بنیادی ضروریات سب غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہو جاتی ہیں۔ مہنگائی نے پہلے ہی عام شہری کی قوت خرید محدود کر رکھی ہے۔ اب صنعتی شعبے کی کمزوری نے متوسط طبقے کے لیے بھی معاشی تحفظ کا احساس کمزور کر دیا ہے۔ چھوٹے دکاندار۔ مقامی صنعت کار۔ ہنرمند اور خدمات فراہم کرنے والے افراد بھی اس بحران کی زد میں ہیں۔ یوں معاشی مشکلات کا دائرہ صرف غریب طبقے تک محدود نہیں رہا۔

یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر پاکستان اپنی صنعتی صلاحیت سے بھرپور فائدہ کیوں نہیں اٹھا پا رہا؟ اس کا جواب کسی ایک شعبے کی ناکامی میں تلاش نہیں کیا جا سکتا۔ توانائی کی قیمتوں میں استحکام نہ ہونا۔ پالیسیوں کا بار بار تبدیل ہونا۔ کاروباری طبقے پر ٹیکسوں کا غیر متوازن بوجھ۔ جدید ٹیکنالوجی کی کمی۔ تحقیق اور جدت سے دوری اور برآمدی منڈیوں تک محدود رسائی ایسے عوامل ہیں جنہوں نے صنعتی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں کی پیچیدہ کارروائیوں اور سرمایہ کاری کے لیے غیر یقینی ماحول نے بھی نئے کاروباروں کی حوصلہ شکنی کی ہے۔

اب وقت آ گیا ہے کہ صنعتی بحالی کو قومی ترجیحات میں اولین مقام دیا جائے۔ حکومت کو چاہیے کہ صنعتوں کے لیے بجلی اور گیس کے نرخوں میں قابل پیش گوئی اور مسابقتی نظام متعارف کرائے۔ ٹیکس پالیسی کو سادہ اور مستقل بنایا جائے تاکہ صنعت کار طویل المدتی منصوبہ بندی کر سکیں۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو آسان قرضے۔ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ٹیکس مراعات فراہم کی جائیں۔ برآمدی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق جدید مشینری اور تربیت یافتہ افرادی قوت سے آراستہ کیا جائے۔ زراعت اور صنعت کے درمیان مضبوط تعلق قائم کر کے مقامی خام مال کی بنیاد پر ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا بھی ناگزیر ہے۔

پاکستان کے نوجوانوں کی بڑی تعداد ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ اگر انہیں فنی تعلیم۔ جدید ہنر اور صنعتی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں تو یہی نوجوان ملکی صنعتوں کو نئی زندگی دے سکتے ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی۔ انجینئرنگ۔ ادویہ سازی۔ کھیلوں کے سامان۔ سرجیکل آلات۔ خوراک کی پراسیسنگ اور انجینئرڈ مصنوعات جیسے شعبوں میں برآمدات بڑھانے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خام مال فروخت کرنے کے بجائے تیار مصنوعات کی تیاری اور عالمی منڈیوں تک رسائی کو اپنی معاشی حکمت عملی کا بنیادی حصہ بنائیں۔

کوئی بھی قوم محض قرضوں کے سہارے ترقی یافتہ نہیں بن سکتی۔ معاشی استحکام کا راستہ کارخانوں کی چمنیوں سے اٹھتے دھوئیں۔ مزدور کے ہاتھ میں باعزت روزگار۔ صنعت کار کے اعتماد اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب سے ہو کر گزرتا ہے۔ حکومت کو وقتی مالیاتی اہداف سے آگے بڑھ کر ایک ایسی صنعتی پالیسی تشکیل دینا ہوگی جس کے ثمرات آنے والی نسلوں تک پہنچ سکیں۔ اگر آج بھی ہم نے اپنی صنعتوں کو سہارا نہ دیا تو معاشی انحصار مزید گہرا ہوگا۔ غربت کا دائرہ وسیع ہوگا اور روزگار کی تلاش میں نوجوانوں کی مایوسی بڑھے گی۔ پاکستان کو محض معاشی اعدادوشمار کی بہتری نہیں بل کہ پیداواری انقلاب کی ضرورت ہے۔ کیوں کہ مضبوط صنعت ہی مضبوط معیشت کی ضمانت اور خود مختار پاکستان کی حقیقی بنیاد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں