9

ڈیجیٹل گورننس کی جانب بڑا قدم ،آزادحکومت کا پنجاب سے خدمات لینے کا فیصلہ

مظفرآباد(خبرنگار )وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اے جے کے پورٹل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و اطلاعات محمد راشد حنیف، پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد کاشف فاروق، پروگرام منیجر نورین انور اور وقار علی نے شرکت کی۔ اجلاس میں اے جے کے پورٹل کے قیام، اب تک کی پیش رفت اور شہریوں کو آن لائن سرکاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت عوام کو جدید، آسان اور شفاف ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے لیے اے جے کے ڈیجیٹل پورٹل شروع کرنے جارہی ہے جس کے ذریعے شہری دنیا کے کسی بھی حصے میں بیٹھ کر حکومت آزادکشمیر کی مختلف سروسز سے استفادہ کرسکیں گے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اے جے کے پورٹل کو جلد از جلد فعال کیا جائے اور ابتدائی طور پر وہ تمام سرکاری سروسز پورٹل پر فراہم کی جائیں جو حکومت فوری طور پر آن لائن مہیا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری اداروں کے چکر لگانے کے بجائے زیادہ سے زیادہ سہولیات ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی جائیں۔ ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لیے پنجاب آئی ٹی بورڈ کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔ حکومت کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سرکاری خدمات کو عوام کے لیے مزید آسان، تیز اور قابل رسائی بنانا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت عوامی خدمت کے مشن پر کام کر رہی ہے، سرکاری منصوبوں کی محض تختیاں نہیں لگانی بلکہ سرکاری فنڈز جہاں خرچ ہوں وہاں واضح امپیکٹ نظر آنا چاہیے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے سے منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے جس کا براہ راست بوجھ ریاستی خزانے پر پڑتا ہے، اس لیے سرکاری وسائل کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ان خیالات کا اظہار ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عاطف رحمان، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عامر لطیف سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے سے قبل ان کی مکمل اور جامع پلاننگ کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایسی فرمز اور کنٹریکٹرز کا انتخاب کیا جائے جن کی ساکھ اچھی ہو اور جن کے سابقہ منصوبوں کی کارکردگی اور تجربہ اطمینان بخش ہو۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر نہ صرف ترقیاتی اہداف کو متاثر کرتی ہے بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ تعمیراتی اخراجات میں اضافے کا سبب بھی بنتی ہے، جس سے سرکاری خزانے پر اضافی مالی بوجھ پڑتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور آغاز کے مراحل میں ہی تمام ضروری امور کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے منصوبوں کا مقصد صرف افتتاحی تختیوں تک محدود نہیں بلکہ ان کے ثمرات ہر صورت عملی طور پر عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ جہاں بھی سرکاری فنڈز خرچ کیے جائیں وہاں اس کا واضح امپیکٹ نظر آنا چاہیے۔ افتخار گیلانی نے کہا کہ ایسے منصوبوں پر توجہ دی جا رہی جو عام آدمی کی زندگی میں حقیقی بہتری لانے کا باعث بنیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی سے وادی لیپہ کے نمائندہ وفد نے ممبر مجلس عاملہ و سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مظفرآباد ڈویژن راجہ سہیل ناصر خان اور مسلم لیگ ن آزادکشمیر جائنٹ سیکرٹری مختار گیلانی کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد میں ن لیگ کے ممبران مجلس عاملہ ملک شوکت، الطاف حسین، پرویز الحسن، صادق لون اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے کپہ گلی بازار کے متاثرین کی بروقت داد رسی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں وادی لیپہ کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ وادی لیپہ کے ترقیاتی منصوبوں کو اے ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔ وادی لیپہ سمیت آزادکشمیر کے دیگر علاقوں میں شجرکاری ترجیحات میں شامل ہے، جس پر عملی اقدامات کے لیے ورکنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی لیپہ میں صحت کی سہولیات کی اپ گریڈیشن سمیت عوام کی دیگر بنیادی ضروریات کو بھی پورا کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی اور مسلم لیگ ن کے کارکنان کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی سے سابق وزیر حکومت چوہدری شہزاد محمود کی سربراہی میں حلقہ لچھراٹ کے ایک بڑے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں سابق امیدوار اسمبلی راجہ امداد علی خان طارق، ممبران ضلع کونسل، ممبران لوکل کونسل سمیت مسلم لیگ ن حلقہ لچھراٹ کے کارکنان و عہدیداران شامل تھے۔ وفد کے اراکین نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ہر علاقے میں تعمیر و ترقی ہوگی، آزادکشمیر میں عوامی فلاح و بہبود کا دور شروع ہو گیا ہے، کارکنان مسلم لیگ ن کا خیال رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ محمد نواز شریف کے ویژن کو وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور محترمہ مریم نواز شریف کی رہنمائی اور تعاون سے عملی جامہ پہنائیں گے۔ تمام حلقوں میں تعمیر و ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا، صحت و تعلیم، سفری سہولیات کو بہتر کرنا اور روزگار کے موقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جس پر کام کررہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ سرکاری اداروں میں بھرتیاں خالصتا ًمیرٹ پر تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ ایکٹ کے ذریعے ہونگی۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سابق امیدوار اسمبلی و سابق وزیر چوہدری شہزاد محمود نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم کو حلقہ لچھراٹ کے دورہ کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ماہ ایک پورا دن لچھراٹ کے عوام کیلئے مختص کرونگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں