میرپور (بیورورپورٹ) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی رکن ڈاکٹر مریم ادریس نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز پنجاب کی ترقی ، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کا ماڈل آزادکشمیر میں بھی لے آئی ہیں، جس کے تحت آزادکشمیر کے عوام کے لیے مختلف ترقی اور فلاحی منصوبوں پر موثر حکمت عملی کے تحت کام جاری ہے، محترمہ مریم نواز کے ویژن و تجربہ کو بروئے کار لا کر خوشحالی کا انقلاب لائیں گے ، پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری، بنیادی حقوق کی فراہمی اور خطے کی بلاتخصیص خدمت کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی قیادت میں حکومت مؤثر منصوبہ بندی کے تحت ریاست میں ترقی و خوشحالی کے عمل کو تیز کرے گی۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے، عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقی کے منصوبوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ محترمہ مریم ادریس نے کہا کہ عام آدمی کو بااختیار بنانا اور اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے وژن اور برق رفتار ترقی کے حامل تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر کی قیادت میں ایک ٹیم کی حیثیت سے ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کیا جائے گا۔ مضبوط انفراسٹرکچر برق رفتار ترقی کے لیے بنیادی ضرورت ہے، اس لیے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔محترمہ مریم ادریس نے کہا کہ فلاح و ترقی کے منصوبوں کی کامیابی کے لیے واضح ترجیحات، مؤثر منصوبہ بندی اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔ منصوبوں کو عوامی ضروریات اور دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی شکل دی جائے گی تاکہ سرکاری وسائل کو زیادہ سے زیادہ عوامی مفاد میں بروئے کار لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی وسائل امانت ہیں اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی قیادت میں ایک ٹیم بن کر ان وسائل کے شفاف، ذمہ دارانہ اور مؤثر استعمال کے ذریعے آزادکشمیر میں ترقی و خوشحالی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
92











