چکار ( نمائندہ اگلاقدم )سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما، نو منتخب ممبر اسمبلی راجہ فاروق حیدر خان اپنی انتخابی کامیابی کے بعد اپنے آبائی علاقے چکار پہنچ گئے،جہاں ہزاروں کارکنوں،شہریوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا،اس موقع پر “کشمیر بنے گا پاکستان”، “پاک فوج زندہ باد” اور “نواز شریف زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے،استقبالیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن)،نواز شریف کے ترقی اور خوشحالی کے ویژن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے،انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت کو ملنے والا ووٹ باشعور اور باضمیر عوام کا اعتماد ہے،راجہ فاروق حیدر نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے انتظامی مشینری کے استعمال، دھاندلی،مالی وسائل کے ذریعے عوام کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی،جبکہ ایک دوسری جماعت نے مذہب کے نام پر عوام کی غربت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، تاہم عوام نے ان تمام ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیا،پاکستان میں کمزور قیادت کی وجہ سے بھارت کو 5 اگست جیسے اقدامات کرنے کا موقع ملا،مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم انہیں بھولے نہیں ہیں وہ دن ضرور آئے گا جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ شامل ہوگا،راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نظریۂ پاکستان کے فروغ، امن اور بھائی چارے کے قیام کے لیے نئی حکومت کو مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے،انہوں نے وزارتِ عظمیٰ کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بحث مناسب نہیں، وزیراعظم کے انتخاب کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کریں گے اور ان کا ہر فیصلہ کشمیر کی بہتری اور خوشحالی کے لیے ہوگا،تقریب کے اختتام پر راجہ فاروق حیدر خان نے “اسلام زندہ باد، پاکستان زندہ باد، نواز شریف زندہ باد، شہباز شریف زندہ باد اور مریم نواز زندہ باد” کے نعرے بھی لگوائے، جبکہ کارکنوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا
20











