مظفرآباد (خصوصی نمائندہ):چیئرمین شاہ غلام قادر فورس، سید ابرار گیلانی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ڈویژن مظفرآباد سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی، جبکہ حلقہ لچھراٹ کے عوام مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار چوہدری شہزاد محمود ایڈووکیٹ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید ابرار گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کا سفر صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہی آگے بڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ لچھراٹ میں بعض عناصر ووٹروں کے ضمیر خریدنے اور انہیں مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے ڈرانے دھمکانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کی وہ شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں اور ان کی برادری کے دیگر افراد کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ہتھکنڈے عوام کے سیاسی عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے اور نہ ہی مسلم لیگ (ن) کے کارکن اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹیں گے۔
سید ابرار گیلانی نے کہا کہ حلقہ لچھراٹ کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں اپنا فیصلہ کر لیا ہے اور وہ جماعت کے ساتھ چٹان کی مانند کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ 2 اگست کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ڈویژن مظفرآباد سے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی اور عوام کی خدمت کا سفر مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔
16











