نیلم (بیورورپورٹ) ٹور آپریٹر رئیس انقلابی نے کہا ہے کہ رتی گلی جھیل جانے والی سڑک کی خستہ حالی کے باعث سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سڑک کی موجودہ صورتحال کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ محکمہ شاہرات کی جانب سے سڑک کی بحالی کے لیے بھیجی گئی مشینری کو ڈیزل فراہم نہ کیے جانے کے باعث واپس کر دیا گیا ہے، جس سے سڑک کی بحالی کا کام مزید تاخیر کا شکار ہو گیا ہے رتی گلی جھیل آزاد کشمیر کا ایک معروف اور خوبصورت سیاحتی مقام ہے، جہاں ہر سال ملک کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں سیاح آتے ہیں تاہم جھیل تک پہنچنے والی سڑک کی خستہ حالی سیاحوں کے لیے شدید مشکلات اور خطرات کا باعث بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک کے متعدد حصے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ بعض مقامات پر راستہ انتہائی دشوار ہو چکا ہے، جس کے باعث گاڑیوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ خراب سڑک کے باعث کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہونے کا خدشہ موجود ہے، بالخصوص سیاحوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر صورتحال مزید تشویشناک ہے۔ محکمہ شاہرات کی جانب سے سڑک کی بحالی کے لیے مشینری موقع پر بھیجی گئی تھی، تاہم ڈیزل فراہم نہ ہونے کے باعث مشین واپس کر دی گئی۔ متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سڑک کی فوری بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور مشینری کو دوبارہ موقع پر پہنچا کر بحالی کا کام شروع کیا جائے۔ رتی گلی جھیل کی طرف جانے والی سڑک کو سیاحوں کے لیے محفوظ بنانا حکومت اور متعلقہ محکمہ کی ذمہ داری ہے۔ اگر بروقت سڑک کی مرمت اور بحالی نہ کی گئی تو نہ صرف سیاحوں کو مشکلات کا سامنا رہے گا بلکہ کسی بڑے حادثے کی صورت میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان بھی ہو سکتا ہے۔ حکومت آزاد کشمیر، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ شاہرات کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ رتی گلی روڈ کی خستہ حالی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سڑک کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت و بحالی یقینی بنائی جائے تاکہ سیاحوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور وادی نیلم میں سیاحت کے فروغ کا عمل متاثر نہ ہو
22











