کوٹلی (بیورورپورٹ)ضلع کوٹلی میں حال ہی میں تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر عثمان صارم نے ضلعی افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی، میرٹ، قانون کی بالادستی اور بین الادارہ جاتی تعاون کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے عوامی مسائل کے بروقت حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں تاکہ شہریوں کو بہترین اور فوری سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر آفس کوٹلی میں منعقدہ تعارفی اجلاس میں ضلع بھر کے تمام ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کوٹلی چوہدری عدیل احمد نے خیرمقدمی خطاب کرتے ہوئے نئے ڈپٹی کمشنر عثمان صارم کو ضلع کوٹلی میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے مابین باہمی تعاون، مؤثر رابطہ اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے امن و امان کے قیام اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر عثمان صارم نے کہا کہ ضلع کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے تمام محکموں کو ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت و احترام اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے جبکہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے خصوصی طور پر شہر کی صفائی، ستھرائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صاف ستھرا اور خوبصورت شہر ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہوتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شہر سے کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، صفائی کے مستقل انتظامات اور ویسٹ مینجمنٹ کے مؤثر نظام کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، دفتری نظم و ضبط، شفافیت، محاصل میں بہتری اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام محکمے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران مختلف محکموں کے افسران نے اپنے متعلقہ اداروں کے امور پر بریفنگ دی، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ وار کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر عثمان صارم نے تمام ضلعی افسران پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ دیانت داری، احساسِ ذمہ داری اور باہمی تعاون کے ساتھ فرائض سرانجام دیں تاکہ ضلع کوٹلی کو ایک صاف، منظم، ترقی یافتہ اور عوام دوست ضلع بنایا جا سکے اور شہریوں کو بہترین انتظامی سہولیات فراہم ہوں۔
17











