اسلام آباد (خبرنگار)وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا 100 روزہ اصلاحاتی پلان عوامی خدمت، اور گڈ گورننس کا واضح روڈ میپ ہے۔ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے وژن، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور محترمہ مریم نواز کے تعاون و رہنمائی سے آزاد کشمیر میں ترقی اور عوامی فلاح کے ایک نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی پلان پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پہلے 100 روز کے لیے مقرر کردہ اہداف، روڈ میپ اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر میں پنجاب کی طرز پر تیز رفتار ترقیاتی عمل آگے بڑھانے اور ایسے منصوبوں پر فوکس کریگی جن کے ثمرات مختصر مدت میں براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت کے اقدامات کے ثمرات ہر گھر تک پہنچیں گے۔ میاں محمد نواز شریف کا وژن ہمیشہ یہ رہا ہے کہ ترقی کے ثمرات ہر شہری تک پہنچیں۔ ہم اسی وژن کو آزاد کشمیر میں عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نےکہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کے تعاون سے آزاد کشمیر کو ترقی یافتہ، خوشحال اور جدید بنانے کے سفر کو تیز کریں گے۔ مسلم لیگ ن آزادجموں وکشمیر کی حکومت جلد سو روزہ ٹرانسفارمیشن پروگرام کا آغاز کریگی۔
15











