مظفرآباد(خبرنگار )وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ ایسے منصوبوں پر توجہ مرکوز ہے جو ریاستی آمدن میں اضافے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بنیں۔ حکومت آزادکشمیر میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر کام کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی سپیکر احمد رضا قادری، اورسیکرٹری ایس آئی ایف سی جمیل قریشی، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید و دیگر نے شرکت کی۔ سیکرٹری ایس آئی ایف سی نے وزیراعظم کو آسان کاروبار منصوبے اور سپیشل اکنامک زون کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آسان کاروبار کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور کاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نےکہا کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے سپیشل اکنامک زون کے قیام سے مقامی وسائل کو معاشی ترقی کے لیے استعمال کرنے، سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کو ترقی دے کر مقامی معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔قبل ازیں اوورسیز کشمیری رہنما طارق بٹ نے وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی سے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں خصوصی ملاقات کی اور انہیں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر طارق بٹ نے وزیراعظم آزادکشمیر کو پھولوں کا خوبصورت گلدستہ پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران آزادکشمیر کی مجموعی صورتحال،اوورسیز کشمیریوں کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔طارق بٹ نے وزیراعظم افتخار گیلانی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں آزادکشمیر میں عوامی فلاح و بہبود، تعمیر و ترقی اور بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے طارق بٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کشمیری قومی ترقی اور تحریکِ کشمیر کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں کے مسائل کے حل اور ان کے ساتھ مؤثر رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ملاقات میں باہمی تعاون اور مستقبل میں رابطوں کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
74











