تہران: ایران نے حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی پشت پناہی بند کی جائے، کیونکہ تمام صورتحال امریکی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل پر پہلے سے خدشات تھے اور موجودہ خلاف ورزیاں براہ راست امریکی کردار کی نشاندہی کرتی ہیں۔ ان کے مطابق اسرائیلی اقدامات کو امریکی پالیسی سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے خطے کے بعض ممالک پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ کچھ نے اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال ہونے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں اور خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔بقائی نے مزید کہا کہ ایران جنگ بندی کا پابند ہے مگر امریکا اور اسرائیل مسلسل معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ لبنان پر حملے بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں، جنہیں ایران برداشت نہیں کرے گا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے جوہری ادارے کے سربراہ پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کے رویے سے ادارے کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ترجمان کے مطابق ایران شدید عدم اعتماد کے ماحول میں امریکا سے رابطے میں ہے، تاہم سفارتی عمل امریکی پالیسیوں کے تضادات کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔ ایران نے کہا کہ وہ جنگ بندی کا مکمل احترام چاہتا ہے مگر کسی بھی خلاف ورزی کا سخت جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
4










