آج ہمارا معاشرہ ایک عجب تضاد کی زد میں ہے۔ ایک طرف ڈیجیٹل مارکیٹ کا شور ہے، اسمارٹ فونز کی چکاچوند ہے، تو دوسری طرف بھوک، افلاس اور کسمپرسی کے اندھیرے ہیں جو روز بروز گہرے ہوتے جارہے ہیں۔ حالیہ اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ پاکستان میں کروڑوں افراد اسمارٹ فونز اور انٹرنیٹ کی سہولت سے لیس ہیں، ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر گھنٹوں وقت گزارتے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کے گھروں کا چولہا مشکل سے جلتا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ ڈیجیٹل انقلاب ہمارے کچن تک کیوں نہیں پہنچ سکا؟ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اپنے نوجوانوں کو تماشائی بنا دیا ہے، تخلیق کار نہیں۔
اس سنگین معاشی زوال اور غربت کی دلدل سے نکلنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ہم روایتی امدادی اور فلاحی اسکیموں کے اس فرسودہ دائرے سے باہر نکلیں، جس نے قوم کو “مفت خور” اور سہارے کا عادی بنا رکھا ہے۔ برسوں سے “بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام” سمیت دیگر حکومتی امدادی فنڈز کو غربت کے خاتمے کا واحد نسخہ سمجھا جاتا رہا ہے۔ بلاشبہ، وقتی طور پر انتہائی افلاس کے شکار خاندانوں کے لیے یہ امداد ایک سہارا ضرور بنتی ہے، لیکن کیا یہ مستقل حل ہے؟ ہرگز نہیں۔
جب ریاست عوام کو بغیر کسی پیداواری محنت کے صرف نقد کفالت یا امداد کی عادی بنا دیتی ہے تو اس سے معاشرے میں محنت کی بجائے بھیک اور امداد پر انحصار کرنے کی روش پروان چڑھتی ہے۔ اربوں روپے کی یہ رقوم قومی خزانے پر بوجھ تو بنتی ہیں، لیکن اس سے ملکی معیشت کے پہیے کو کوئی متحرک توانائی نہیں ملتی۔ یہ محض غریب کی غربت کو طویل کرنے کا ایک ہندسہ ہے، اس کا خاتمہ نہیں۔ اگر ان اربوں روپے کو براہِ راست نوجوانوں کو ہنر مند بنانے، انہیں تکنیکی تربیت دینے اور چھوٹے کاروباروں کے لیے بلا سود سرمائے میں تبدیل کر دیا جائے تو یہ امداد دائمی خوشحالی کا دروازہ کھول سکتی ہے۔
آج اکیسویں صدی میں ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے روایتی ڈگریوں سے ہٹ کر ڈیجیٹل اور تکنیکی مہارتوں کی ضرورت ہے۔ ہمارے پاس کروڑوں نوجوان ہیں جو اسمارٹ فون استعمال کرنا جانتے ہیں، لیکن وہ اس کو محض تفریح (لائک، شیئر اور کمنٹس) کا ذریعہ بنائے ہوئے ہیں۔
اگر ریاست فلاحی امداد کے بجائے اپنی تمام تر توانائیاں اور فنڈز نوجوانوں کو ہنر مند بنانے پر مرکوز کر دے، تو معیشت میں انقلاب آ سکتا ہے۔
دور دراز کے دیہات اور کچی آبادیوں کے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، گرافک ڈیزائننگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ اور سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کی مفت یا سستی تربیت فراہم کی جائے تو وہ مرکزی شہروں سے دور بیٹھ کر بھی اپنے معاشی حالات کو بہتر کر سکتے ہیں جو بالآخر ملکی معیشت کی بہتری کا سبب بنیں گے۔
اگر ہر تحصیل اور ضلع کی سطح پر ہنر مندی کے مراکز قائم کر دیئے جائیں جہاں نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ (جیسے اپ ورک، فائور وغیرہ) سے جڑنے اور گھر بیٹھے ڈالر کمانے کے گر سکھائے جائیں تو وہ ملکی معیشت کا اہم ستون بن جائیں گے۔
حکومت کو چاہیے کہ ہر سال بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں لاکھوں نئے خاندان شامل کرنے کی بجائے یہ تعداد بتدریج کم کرنے کے لیے عملی اقدام کرے۔ اس سلسلے میں بے نظیر انکم سپورٹ یا دیگر امدادی پروگراموں کے اہل خاندانوں کے نوجوانوں کے لیے لازمی قرار دیا جائے کہ وہ کوئی نہ کوئی ہنر سیکھیں، جس کے بدلے انہیں حکومت کی طرف سے آسان اقساط پر قرضے یا ورکنگ ٹولز (لیپ ٹاپ وغیرہ) فراہم کیے جائیں۔
اب وقت آ گیا ہے کہ پالیسی ساز ادارے بند کمروں کے فیصلوں سے نکل کر زمینی حقائق کا ادراک کریں۔ ہمیں امدادی کلچر کو ختم کر کے ایک “پیداواری معیشت” کی بنیاد رکھنا ہوگی۔ جب ملک کا نوجوان کسی کی خیرات یا امداد پر جینے کے بجائے اپنے ہنر اور بازوؤں کی طاقت سے کما کر ملکی معیشت میں حصہ ڈالے گا، تو بیرونی قرضوں کے کشکول خود بخود ٹوٹ جائیں گے۔ غربت کے اندھیرے تبھی چھٹ سکتے ہیں جب ہم قوم کو “صارف” سے نکال کر “پروڈیوسر اور فری لانسر” کے درجے پر فائز کریں۔ فیصلہ اب ریاست اور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے کہ انہوں نے تماشائی بن کر تماشا دیکھتے رہنا ہے، یا اپنے ہنر کے بل بوتے پر اس ملک کی تقدیر کا دھارا بدلنا ہے۔
7











