23

آبنائے ہرمز کھولنے کے بدلے ایران کا 8 ارب ڈالر کی واپسی کا مطالبہ، قطری وزیراعظم ثالثی کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے

امریکا اور ایران کے درمیان قطر کی ثالثی میں عبوری سمجھوتے کی کوششیں تیز ہوگئیں۔** ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے اور خلیجی تجارتی جہازوں پر حملے روکنے کے بدلے قطر میں منجمد اپنے 8 ارب ڈالر کے اثاثے بحال کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی تہران کا دورہ کرنے کے بعد یہ تجویز لے کر واشنگٹن پہنچ گئے، جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات ہوئی ہے۔

تجویز کے تحت امریکا ایران کی بحری و اقتصادی ناکہ بندی ختم کرے گا، جبکہ ایران آبنائے ہرمز کھولنے، خلیجی ممالک کے تجارتی جہازوں اور تیل بردار ٹینکروں پر حملے روکنے اور قطر میں منجمد 8 ارب ڈالر کے اثاثوں کی بحالی کے بدلے کشیدگی کم کرنے پر آمادہ ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول اور گزرنے والے جہازوں سے ٹرانزٹ فیس وصول کرنے کا مطالبہ بظاہر ترک کر دیا ہے، تاہم اپنے جوہری پروگرام کو فی الحال مذاکرات کا حصہ بنانے سے انکار کیا ہے۔ جوہری پروگرام اور دیگر پابندیوں پر بات چیت بعد میں کرنے کی تجویز ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اس سمجھوتے کے حامی ہیں، جبکہ وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور دیگر اعلیٰ عہدیدار اس کے مخالف ہیں۔ مخالفین کا مؤقف ہے کہ اس وقت معاہدہ ایران کو شدید اقتصادی دباؤ سے نکلنے کا موقع دے سکتا ہے۔

مجوزہ سمجھوتے کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل 3.6 فیصد کمی سے 94.76 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 3.1 فیصد کمی کے بعد 88.05 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

تاہم امریکا اور قطر نے مجوزہ سمجھوتے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، جبکہ امریکی حکام کے مطابق فوری معاہدے کے امکانات محدود ہیں۔ اس عبوری سمجھوتے کا بنیادی مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنا اور خلیجی خطے میں جہازوں پر حملے روکنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں