اسلام آباد (روزنامہ اگلا قدم) وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو کاروبار اور زرعی شعبے میں خودکفیل بنانے کے لیے وزیراعظم یوتھ بزنس لون اور ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ قرض کے حصول کے لیے کم از کم عمر کی حد بھی 21 سال سے کم کرکے 18 سال کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور اسکیموں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجموعی قرضوں کا 30 فیصد خواتین کے لیے مختص ہوگا تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
حکومت نے رواں سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار اور زراعت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے مؤثر مالی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (SMEDA) کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے رہنمائی، مشاورت، تربیت اور تکنیکی معاونت سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ملک گیر سطح پر آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان حکومتی اسکیموں سے مستفید ہو سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنا کر ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔











