ہر سال 6 نومبر کو دنیا بھر میں کشمیری 1947ءکے سانحہ جموں کی یاد میں ”یوم شہدائے جموں“ مناتے ہیں۔ اس کا مقصد ان لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہیں پاکستان منتقل کرنے کے دھوکے میں شہید کر دیا گیا۔ اس واقعے کو جدید تاریخ کا بدترین اجتماعی قتل عام (نسل کشی) کہا جا سکتا ہے۔ یہ ایک منظم اور سرکاری سرپرستی میں تیار کی گئی سازش تھی، جس کا مقصد جموں صوبے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا تھا۔ مسلمانوں کے قتل عام کا سلسلہ جولائی 1947ءسے شروع ہو چکا تھا، جو 26 اکتوبر 1947ءکو ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے سرینگر سے جموں پہنچنے کے بعد مزید تیز ہو گیا۔
اس سازش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ڈوگرہ حکومت نے کئی ماہ پہلے منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ مسلمانوں کو نہتا اور کمزور کرنے کے لیے فوج اور پولیس میں تعینات مسلمان اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹا کر ان کے ہتھیار واپس لے لیے گئے۔ جموں شہر کے مسلمان فوجی دستوں کو بھی غیر مسلح کر دیا گیا اور فوجی علاقے کے مسلمان بریگیڈیئر کی جگہ ایک کٹر ہندو ڈوگرہ افسر تعینات کر دیا گیا۔ جب مسلمان جانیں بچانے کے لیے پولیس اسٹیشنوں اور سرکاری دفاتر میں پناہ لینے پہنچے تو ڈوگرہ افسروں نے انہیں آر ایس ایس کے مسلح غنڈوں کے حوالے کر دیا۔اس ڈرامے میں پڑوسی ریاست پٹیالہ کا مہاراجہ بھی شریک تھا جس نے شرپسندوں کو اسلحہ دیا اور اپنی فوج کی ایک بریگیڈ جموں بھیجی جس نے اس قتل عام میں بھرپور حصہ لیا۔
جموں کے اس خوفناک قتل عام کی بین الاقوامی اخبارات اور غیر ملکی دستاویزات نے بھی تصدیق کی۔ برطانوی اخبار ”دی لندن ٹائمز“ نے 1948ءمیں اپنے نمائندے کی رپورٹ ”جموں سے مسلمانوں کا خاتمہ“ کے عنوان سے شائع کی۔ رپورٹ کے مطابق ڈوگرہ حکمران مہاراجہ ہری سنگھ خود فوجی دستوں کی نگرانی کر رہا تھا، جس کے حکم پر 2 لاکھ 37 ہزار مسلمانوں کو گھروں سے نکال کر، تلاشی لے کر اور منظم طریقے سے گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔ برطانوی صحافی ہوریس الیگزینڈر نے 16 جنوری 1948ءکو میگزین ”دی اسپیکٹیٹر“ میں لکھا کہ اس قتل عام کو سرکاری افسروں کی مکمل رضامندی حاصل تھی اور کم از کم 2 لاکھ مسلمان شہید کیے گئے۔ اخبار ”اسٹیٹس مین“ کے ایڈیٹر ایان اسٹیفنز نے اپنی کتاب میں لکھا کہ 1947ءکے آخر تک جموں میں 2 لاکھ سے زائد مسلمان شہید کر دیے گئے۔ برطانوی اخبار ”دی ڈیلی ٹیلی گراف“ نے 12 جنوری 1948ءکو رپورٹ کیا کہ شہید اور بے گھر ہونے والے مسلمانوں کی 95 فیصد جائیدادوں اور دکانوں پر سرکاری سرپرستی میں ہندو شرپسندوں نے قبضہ کر لیا۔
بھارتی رہنما مہاتما گاندھی نے 27 نومبر اور 25 دسمبر 1947ءکے بیانات (مطبوعہ گاندھی کی کلیات، جلد 90) میں اعتراف کیا کہ جموں میں ہندوو\ں اور سکھ شرپسندوں نے مسلمانوں کا قتل عام کیا اور خواتین کی بے حرمتی کی۔ انہوں نے اس تباہی کا براہ راست ذمہ دار مہاراجہ ہری سنگھ کو قرار دیا۔
اس سانحے کا سیاہ ترین باب 5 اور 6 نومبر 1947ءکو رقم ہوا۔ 5 نومبر کو جموں شہر اور گردونواح کے مسلمانوں کو یہ کہہ کر جموں پولیس لائنز کے میدان میں جمع کیا گیا کہ انہیں بسوں اور ٹرکوں کے ذریعے بحفاظت سیالکوٹ (پاکستان) بھیج دیا جائے گا۔ مسلمان اپنے بچوں اور خواتین کے ہمراہ اس امید پر گاڑیوں میں سوار ہو گئے کہ وہ اب ایک محفوظ سرزمین پر جا رہے ہیں، لیکن 6 نومبر کو ان قافلوں کو منصوبہ بندی کے تحت سانبہ، کٹھوعہ، دگیانہ اور بسنا کے ویران علاقوں کی طرف موڑ دیا گیا۔ وہاں پہلے سے موجود ڈوگرہ فوج، پٹیالہ رائفلز اور آر ایس ایس کے مسلح افراد نے گاڑیوں کو گھیر کر نہتے مسافروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ مسلم خواتین کو گاڑیوں سے اتار کر اغوا کیا گیا اوران پر بدترین مظالم ڈھائے گئے۔اس ہولناک صورتحال میں بعض مظلوم خواتین نے اپنی عزت بچانے کی خاطر دریائے چناب میں چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں قربان کر دیں۔ اسی دوران میران صاحب اور رنبیر سنگھ پورہ میں مسلمانوں کے 25 ہزار افراد پر مشتمل ایک بڑے مجمع کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
ان خونی کارروائیوں کے نتیجے میں جموں کی آبادی کا تناسب نمایاں طور پر تبدیل ہو گیا۔ 1941ءکی سرکاری مردم شماری کے مطابق جموں صوبے میں مسلمانوں کی آبادی 61 فیصد تھی، جو 1961ءمیں کم ہو کر 38 فیصد رہ گئی۔ صرف جموں ضلع میں مسلمانوں کی تعداد 1941ءمیں 1 لاکھ 58 ہزار 630 تھی جو 1961ءمیں کم ہوکر 51 ہزار 693 رہ گئی، یعنی ایک لاکھ سے زائد مسلمان یا تو شہید ہوئے یا بے دخل کر دیے گئے۔ اس کے علاوہ جموں کے123 سے زیادہ مسلمان دیہات ویران کر دیے گئے۔اس کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی تاریخی و ثقافتی شناخت مٹانے کے لیے مقامات کے نام بھی تبدیل کیے گئے؛ چنانچہ ”اردو بازار“ کا نام ”راجندر بازار“ اور ”اسلامیہ اسکول“ کا نام ”ہری سنگھ ہائی اسکول“ رکھ دیا گیا۔
ان حقائق سے واضح ہوتا ہے کہ 6 نومبر 1947ءکا سانحہ جموں انسانی تاریخ کے بڑے المیوں میں سے ایک ہے، جس کے زخم آج بھی کشمیری عوام کے دلوں پر تازہ ہیں۔ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی ان کارروائیوں نے ڈوگرہ شاہی کے کردار کو بے نقاب کیا، جبکہ اقوام عالم اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کی خاموشی آج بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کے بھارتی ہتھکنڈوں کا نوٹس لے۔ اس خطے میں امن اور انصاف کے لیے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل کیا جائے۔
28











