39

ڈاکٹر محمد نجیب نقی 32 ووٹ لے کر آزاد جموں و کشمیر کے 25ویں صدر منتخب، چوہدری لطیف اکبر کو 13 ووٹ ملے

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد نجیب نقی آزاد جموں و کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوگئے۔ صدارتی انتخاب میں انہوں نے 32 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کو 13 ووٹ ملے۔ اس طرح مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے واضح اکثریت سے صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کرلی۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں جمعرات کو نئے صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔ انتخاب میں مجموعی طور پر 45 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو کامیاب قرار دیا گیا۔ ڈاکٹر محمد نجیب نقی کے انتخاب کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر کے صدر کے آئینی عہدے کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ صدارتی منصب سابق صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال کے بعد خالی ہوا تھا۔ بعد ازاں قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں پہلے چوہدری لطیف اکبر اور پھر چوہدری طارق فاروق نے انجام دیں۔ نومنتخب صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی کا تعلق ضلع سدھنوتی سے ہے اور وہ آزاد کشمیر کی سیاست میں طویل عرصے سے سرگرم ہیں۔ وہ مختلف ادوار میں قانون ساز اسمبلی کے رکن رہنے کے علاوہ وزیر صحت کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ 2006 سے 2011 تک وزیر صحت رہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے 2016 سے 2021 کے دور حکومت میں بھی انہوں نے وزارت صحت کی ذمہ داریاں انجام دیں۔ ڈاکٹر محمد نجیب نقی کی کامیابی کے اعلان کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور نومنتخب صدر کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو آزاد جموں و کشمیر کا 25واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے بھی ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے کامیاب مدتِ صدارت کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بھی ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے نومنتخب صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے آئینی منصب کے تقاضوں کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں جمہوری و آئینی اداروں کے استحکام اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ آزاد کشمیر کے وزراء چوہدری عبدالرحمان آرائیں، عمیر نعیم، راجہ ریاست اور اظہر صادق سمیت مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما و سابق وزیر نورین عارف نے بھی ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو آزاد جموں و کشمیر کا 25واں صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی کے انتخاب کو پارٹی قیادت اور پارلیمانی جماعت کے اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نومنتخب صدر ایک تجربہ کار سیاسی رہنما ہیں اور ان کا طویل سیاسی و پارلیمانی تجربہ ریاست کے آئینی اور جمہوری نظام کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ صدارتی انتخاب میں ڈاکٹر محمد نجیب نقی کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے۔ ڈاکٹر محمد نجیب نقی کے صدر منتخب ہونے کے بعد آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ عام انتخابات کے بعد اہم آئینی عہدوں کی تشکیل کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں