13

میرپور میں نوجوانوں کیلئے فری لانسنگ سیمینار،ڈیجیٹل ہنر، نوجوانوں کیلئے روزگار کی نئی امید

میرپور( بیورورپورٹ ) جموں کشمیر یونائیٹڈ یوتھ موومنٹ اور اپنا کماؤ کے اشتراک سے آن لائن ارننگ و فری لانسنگ سیمینار کشمیر پریس کلب، میرپور میں منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار میں خصوصی شرکت ملک وقاص سعید، آئی ٹی ہیڈ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے کی، جبکہ چوہدری ضرار طیبی، صدر جموں کشمیر یونائیٹڈ یوتھ موومنٹ اور حافظ ابو الحسن آرگنائزر جموں کشمیر یونائیٹڈ ویلفیئر ونگ میرپور سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ گفتگو کرتے ہوئے ملک وقاص سعید نے کہا کہ موجودہ دور میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل اسکلز نوجوانوں کے لیے ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔ نوجوان فری لانسنگ، آن لائن بزنس اور دیگر ڈیجیٹل شعبوں میں مہارت حاصل کرکے نہ صرف اپنے لیے باعزت روزگار پیدا کر سکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں، اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں اور وقت کے تقاضوں کے مطابق جدید ہنر سیکھنے پر توجہ دیں۔ اس موقع پر چوہدری ضرار طیبی، صدر جموں کشمیر یونائیٹڈ یوتھ موومنٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ جموں کشمیر یونائیٹڈ یوتھ موومنٹ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، آئی ٹی، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع سے جوڑنے کے لیے ایسے پروگرامز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیمینار کے دوران نوجوانوں کو آن لائن ارننگ، فری لانسنگ، ڈیجیٹل اسکلز اور جدید ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے طریقہ کار پر گفتگو کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر آن لائن ارننگ و فری لانسنگ کورس مکمل کرنے والے شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر شرکاء نے پروگرام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ آخر میں منتظمین کی جانب سے تمام مہمانانِ گرامی، شرکاء اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نوجوانوں کی تعلیم، ہنر، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں