16

جنیوا:مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

جنیوا (خصوصی رپورٹ)کشمیر ڈیلیگیشن ای یو ڈائسپورہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر جنیوا میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں فرانس کے دارالحکومت پیرس سے انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے صدر زاہد ہاشمی کی زیرِ صدارت کشمیری اور پاکستانی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق زاہد ہاشمی کی قیادت میں پیرس سے روانہ ہونے والے قافلے میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل تھی، جو خصوصی بسوں کے ذریعے فرانس سے سوئٹزرلینڈ پہنچی۔ مظاہرے کا مقصد اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی توجہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جانب مبذول کروانا تھا۔ زاہد ہاشمی اور فورم کے دیگر رہنماؤں کے مطابق مظاہرہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے سامنے کیا گیا، جہاں دنیا بھر سے آئے انسانی حقوق کے نمائندوں اور عالمی میڈیا کے سامنے کشمیریوں کے حقوق اور کشمیر کی صورتحال پر آواز بلند کی گئی۔ مظاہرے میں پیرس سے آنے والے شرکا ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ زاہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ مظاہرے کا سب سے بڑا مقصد اقوام عالم کو کشمیر کی صورتحال کی جانب متوجہ کرنا تھا۔ کشمیر ڈیلیگیشن ای یو ڈائسپورہ اور انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم کی بھرپور کوششوں سے انتہائی پرامن اور مؤثر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے آزاد کشمیر کے سابق وزیر چوہدری پرویز اشرف، کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی، کشمیر پیس فورم فرانس کے صدر زاہد ہاشمی، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، ڈاکٹر راجہ سجاد لطیف، شمیم شال، ڈاکٹر شگفتہ اشرف، سردار امجد یوسف اور دیگر کشمیری نمائندوں نے خطاب کیا۔ مظاہرے کے شرکا نے کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی توجہ، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں