میرپور (بیورورپورٹ) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آزاد کشمیر ارشاد احمد قریشی نے قائداعظم چوک میں مسلم ہینڈز میرپور کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ کے تحت قائم آزاد کشمیر کے پہلے ’’ایکو پاتھ‘‘ کا افتتاح کر دیا۔ ایکو پاتھ ری سائیکل شدہ کچن ویسٹ اور دیگر کچرے سے تیار کردہ ماحول دوست مواد سے بنایا گیا ہے۔مسلم ہینڈز میرپور کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ کے تحت قائم ایکو پاتھ میں استعمال ہونے والی ٹائلز، بینچ اور پھولوں کے گملے ری سائیکل شدہ مواد سے تیار کیے گئے ہیں۔ یہ اقدام کچرے کو کارآمد وسائل میں تبدیل کرنے، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور شہری ماحول کو بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔افتتاحی تقریب میں مسلم ہینڈز میرپور کے ایگزیکٹو منیجر محمد سلیمان، ہیڈ آف پروگرام سید انجم بلال کاظمی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ سے متعلقہ دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ارشاد احمد قریشی نے کہا کہ کچرے کو ری سائیکل کرکے قابل استعمال اشیاء میں تبدیل کرنا ماحول کے تحفظ کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا بھی مؤثر ذریعہ ہے۔ مسلم ہینڈز کی جانب سے ایکو پاتھ کی تیاری اور تنصیب قابل تحسین اقدام ہے۔حکومت آزاد کشمیر سالڈ ویسٹ کے مؤثر انتظام اور اسے معاشی وسائل میں تبدیل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اس مقصد کے لیے نجی شعبے اور بڑی کمپنیوں کو بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جا رہی ہے تاکہ کچرے کو ری سائیکل کرکے ٹائلز، گملے، بینچ اور دیگر مفید اشیاء تیار کرنے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ارشاد احمد قریشی نے کہا کہ صاف، سرسبز اور ماحول دوست آزاد کشمیر کے قیام کے لیے سرکاری اداروں، نجی شعبے اور فلاحی تنظیموں کا باہمی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے تعلیم، صحت، شجرکاری، صفائی ستھرائی اور دیگر شعبوں میں مسلم ہینڈز کی خدمات کو بھی سراہا۔مسلم ہینڈز کے ہیڈ آف پروگرام سید انجم بلال کاظمی نے کہا کہ میرپور میں سالڈ ویسٹ کے منفی ماحولیاتی اثرات کم کرنے اور شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے ماحول دوست اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کچرے کو ری سائیکل کرکے مفید مصنوعات کی تیاری سے سرکلر اکانومی کو فروغ دینے کے ساتھ شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
22











