مظفرآباد (خبرنگار) وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ڈینٹل کے شعبہ میں عوام کو بہتر اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے، جناح ڈینٹل ہسپتال کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ ہسپتال میں OPG مشین کی فراہمی کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈینٹل کے شعبہ میں موجود مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے جناح ڈینٹل ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز (ڈینٹل) ڈاکٹر صائمہ خان نے انہیں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، طبی سہولیات اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران ڈینٹل کے شعبہ میں موجود مسائل، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مزید بہتری کے لیے درکار اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈاکٹر صائمہ خان نے وزیر صحت عامہ کو جناح ڈینٹل ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، مختلف شعبہ جات کی صورتحال اور علاج معالجے کے لیے دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کی ضروریات اور بالخصوص جدید تشخیصی آلات کی فراہمی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے کہا کہ ڈینٹل کے شعبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جناح ڈینٹل ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مریضوں کو ایک ہی چھت تلے بہتر اور معیاری ڈینٹل علاج کی سہولیات میسر آسکیں۔وزیر صحت عامہ نے کہا کہ OPG مشین کی فراہمی کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں گے، جس سے مریضوں کو دانتوں اور جبڑے سے متعلق تشخیصی سہولت ہسپتال ہی میں دستیاب ہو سکے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہسپتال کی ضروریات کا جائزہ لینے اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز (ڈینٹل) ڈاکٹر صائمہ خان نے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی کو جناح ڈینٹل ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر صحت عامہ نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے ہسپتال کے انتظامی و طبی امور کا جائزہ لیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح ڈینٹل ہسپتال ڈاکٹر شاہد یوسف نے بھی وزیر صحت عامہ کو ہسپتال کے انتظامی امور، طبی سہولیات اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے ہسپتال کی ضروریات اور مستقبل میں سہولیات میں اضافے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔دورے کے موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر فاروق اعوان، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عبدالستار، ڈاکٹر صاحبان، جناح ڈینٹل ہسپتال کے دیگر افسران اور سٹاف بھی موجود تھے۔وزیر صحت عامہ کے دورے کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ڈینٹل کے شعبہ میں عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا اور جناح ڈینٹل ہسپتال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے مزید فعال اور جدید بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
13











