مظفرآباد (خبرنگار) وزیر توانائی و آبی وسائل آزاد کشمیر ثاقب مجید راجہ نے کومی کوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بنیادی مرکز صحت (BHU) کومی کوٹ میں ایمرجنسی سروس کا افتتاح کیا اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایمبولینس بھی فراہم کی۔وزیر توانائی و آبی وسائل نے بنیادی مرکز صحت کا تفصیلی معائنہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بی ایچ یو کے سٹور میں ادویات کی وافر دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا اور عوام کو معیاری، بروقت اور موثر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر
زور دیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثاقب مجید راجہ نے کہا کہ حلقہ کھاوڑہ کے تمام سرکاری ادارے فعال، متحرک اور عوام کے سامنے جوابدہ ہونے چاہئیں۔ سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بہتری اور عوامی مسائل کا بروقت ازالہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت، عوامی مشکلات سے بے حسی اور سرکاری ذمہ داریوں میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ ہر افسر اور ملازم کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ایسے ملازمین جو طویل عرصے، بالخصوص دس سال یا اس سے زائد مدت سے محکموں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور باقاعدگی سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو، محض سیاسی وابستگی کی بنیاد پر کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی۔وزیر توانائی و آبی وسائل نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے کسی بھی معلم کو انتقامی بنیادوں پر سیاسی طور پر نشانہ بنا کر تبادلے نہیں کیے جائیں گے۔ تمام فیصلے میرٹ، ضرورت اور ادارہ جاتی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔ثاقب مجید راجہ نے کہا کہ جن لوگوں نے انہیں ووٹ دیا وہ بھی ان کے اپنے ہیں اور جنہوں نے ووٹ نہیں دیا وہ بھی حلقے کے برابر کے شہری ہیں۔ حلقے کی بہتری، عوامی مسائل کے حل اور اجتماعی مفاد کے لیے ہر شخص بلا جھجھک ان سے رابطہ کر سکتا ہے، ان کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقہ کھاوڑہ میں سیاست کو ذاتی مفادات کے بجائے عوامی خدمت، اداروں کی مضبوطی اور پائیدار ترقی کا ذریعہ بنایا جائے گا۔
31











