اسلام آباد ( خبرنگار ) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی سے رکن قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر مریم ادریس نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی و سیاسی ، صورتحال،مسئلہ کشمیر، ن لیگ کے سو روزہ پلان سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا، رکن قانون ساز اسمبلی مریم ادریس نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام نے انتخابات میں ن لیگ کے منشور اور میاں محمد نواز شریف کے تعمیر وترقی کے وژن کو ووٹ دیتے ہوئے اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، قائد میاں محمد نواز شریف کی طرف سے آزاد جموں و کشمیر میں عوامی مسائل کے حل اور خوشحالی کے لیے سو روزہ پلان انتہائی بہترین اقدام ہے ۔مجھے امید ہے کہ آپ کی قیادت میں آزاد کشمیر کی حکومت اس پروگرام کو عملی جامہ پہناتے ہوئے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے گی تاکہ اس کے ثمرات عوام تک پہنچیں، مریم ادریس نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف ہماری آئیڈیل ہیں جس طرح وہ بہترین انداز میں ایک بڑے صوبے کو چلا رہی ہیں ہمیں ان سے ہمت ملتی ہے انشاء اللہ میں بھی بطور رکن قانون ساز اسمبلی ایوان کے اندر اور باہر اپنا بھرپور کردار ادا کروں گی اور بالخصوص خواتین اور نوجوان نسل کی آواز بنوں گی،وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے مریم ادریس کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہترین معاشرے کی تشکیل اور ملکی تعمیر وترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، آپ کو موقع ملا ہے آگے بڑھیں آزاد کشمیر،حلقے اور بالخصوص خواتین کے مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں،عوامی مسائل کا حل اور آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی و عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
9











