مظفرآباد، میرپور، بھمبر، کوٹلی(نمائندگان)چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں ہونے والے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لیں اور اپنے حقِ رائے دہی کا ضرور استعمال کریں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹ دینا قومی، آئینی اور اسلامی فریضہ ہے، اس لیے ہر شہری اپنی جمہوری ذمہ داری ادا کرتے ہوئے اپنا ووٹ ضرور ڈالے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ گھروں سے نکل کر اپنی مرضی کے نمائندے کا انتخاب کریں، حقِ رائے دہی کا استعمال ہی مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہے۔ جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر مکمل سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، اس لیے شہری بلاخوف و خطر اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی فورسز اور کوئیک رسپانس فورس تعینات ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جبکہ ریاست ووٹرز کی پولنگ اسٹیشنز تک آمد و رفت کے دوران بھی سیکیورٹی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لے کر اپنی جمہوری ذمہ داری ادا کریں اور اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے مسائل کے حل کے لیے بہتر نمائندے کا انتخاب کریں۔علاوہ ازیں ضلع میرپور میں 27 جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے پولنگ میٹریل کی متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کو روانگی کا عمل جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج/ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میرپور جہانگیر احمد جرال کی نگرانی میں ضلع میرپور کے چاروں انتخابی حلقوں کے 611 پولنگ اسٹیشنز کے لیے پولنگ میٹریل روانہ کیا جا رہا ہے۔پولنگ میٹریل کی تقسیم اور ترسیل کے عمل کے دوران پریزائیڈنگ افسران کو بھی سخت سیکیورٹی میں اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ کیا گیا ہے۔ انتخابی عمل کو شفاف، منظم اور پرامن بنانے کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔یاد رہے کہ ضلع میرپور میں انتخابی عمل کے لیے مجموعی طور پر 3,643 پر مشتمل عملے کو تعینات کیا گیا ہے ، جبکہ ضلع بھر کے چاروں حلقوں میں 320 انتہائی حساس، 162 حساس اور 129 نارمل پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ انتخابی عمل کو ہر ممکن طور پر محفوظ اور پرامن بنایا جا سکے۔علاوہ ازیں بھمبر میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ چوہدری محمد طارق نے تمام انتظامات کا جائزہ لیا،مرکزی کنڑول روم فعال،تینوں تحصیلوں میں کنٹرول روم فعال ضلع بھر میں اسلحہ نمائش پر پابندی،دفعہ 144 کا نفاذپولیس مجسٹریٹس ڈیوٹی پر موجودہیںجبکہ آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 2026ء کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے سلسلے میں میرپور ڈویژن کے ضلع کوٹلی میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، الیکشن کمیشن، پولیس اور متعلقہ اداروں نے باہمی تعاون سے پولنگ کے عمل کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع کوٹلی کے چھ قانون ساز اسمبلی حلقوں میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 47 ہزار 383 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 3 لاکھ 38 ہزار 549 مرد اور 3 لاکھ 8 ہزار 834 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ضلع کوٹلی میں مجموعی طور پر 1 ہزار 98 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ 1 ہزار 789 پولنگ بوتھ ووٹرز کی سہولت کے لیے بنائے گئے ہیں، جن میں 683 مردانہ اور 683 زنانہ بوتھ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 423 مشترکہ (کمبائنڈ) بوتھ بھی قائم کیے گئے ہیں۔ انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے 126 امیدوار مختلف حلقوں میں مدِمقابل ہیں۔حلقہ وار تفصیلات کے مطابق ایل اے VIII کوٹلی-I (راج محل) میں 90 ہزار 327 ووٹرز، ایل اے IX کوٹلی-II (فتح پور تھکیالہ) میں ایک لاکھ 3 ہزار 211، ایل اے X کوٹلی-III (سٹی کوٹلی) میں 87 ہزار 155، ایل اے XI کوٹلی-IV (سہنسہ) میں ایک لاکھ 24 ہزار 664، ایل اے XII کوٹلی-V (چرہوئی) میں ایک لاکھ 26 ہزار 332 جبکہ ایل اے XIII کوٹلی-VI (کھوئی رٹہ) میں ایک لاکھ 15 ہزار 694 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی، پینے کے صاف پانی، بجلی، طبی امداد، مواصلاتی سہولیات اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام بنیادی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فول پروف سکیورٹی پلان بھی مرتب کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن نے تمام ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر اپنے قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں اور پرامن، شفاف اور جمہوری عمل کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
14











