مظفرآباد( خبرنگار )آزاد جموں و کشمیر کے وزیر حکومت اور لچھراٹ مظفرآباد سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں منظم انداز سے پری پول دھاندلی میں ملوث ہے، جو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے تقاضوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے آزاد کشمیر کے لیے دس بسوں کے اعلان اور انتخابی مہم کے دوران ان بسوں کی فراہمی انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی اور سرکاری وسائل کے سیاسی استعمال کی واضح مثال ہے۔سید بازل علی نقوی نے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور پری پول رگنگ کے تمام اقدامات کا راستہ روکیں تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شفاف، غیر جانبدار اور آئین و قانون کے مطابق انتخابات پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی صورت انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر حکومت اور پیپلز پارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی کوٹلہ، مظفرآباد سردار جاوید ایوب خان نے مسلم لیگ (ن) پر پری پول دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کے لیے وفاق اور پنجاب کے سرکاری وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے انتخابات کے دوران بسوں کے اعلان اور بسوں کی فراہمی انتخابی ضابطہ اخلاق اور شفاف انتخابات کے تقاضوں کے منافی ہے۔سردار جاوید ایوب خان نے کہا کہ عوام ایسے ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیں گے اور اپنے ووٹ کی طاقت سے جمہوریت، شفاف انتخابات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دیں گے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیا جائے اور تمام امیدواروں کے لیے یکساں انتخابی ماحول یقینی بنایا جائے تاکہ آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد ممکن ہو۔علاوہ ازیں مظفرآباد سٹی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی سردار مختار عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں پنجاب کے سرکاری وسائل کے استعمال کے ذریعے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو جمہوری اقدار اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے انتخابات کے دوران آزاد کشمیر کے لیے دس بسوں کی فراہمی کا اعلان انتخابی ماحول پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔سردار مختار عباسی نے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔
88











