9

پاکستان سے محبت ہمارے ایمان، ہماری شناخت اور ہمارے خون میں شامل ہے، وزیراعظم فیصل راٹھور

بدھال، حسن آباد( نمائندہ اگلاقدم )آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور نے بدھال، حسن آباد کا کامیاب انتخابی دورہ کیا، جہاں سینکڑوں افراد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف سے مستعفی ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا جبکہ پورا علاقہ “جئے بلاول” اور “جئے فیصل” کے نعروں سے گونجتا رہا۔ کارکنوں اور عوام نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا، ان پر گل پاشی کی اور ان کی حمایت میں بھرپور نعرے بازی کی۔اپنے خطاب میں فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حویلی کے عوام نے انہیں جس محبت، عزت اور دعاؤں سے نوازا، اسی کا نتیجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں وزارتِ عظمیٰ جیسے بڑے منصب پر فائز ہونے کی توفیق دی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی حکومت کے مختصر عرصے میں انہوں نے حتیٰ المقدور حویلی کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی، سڑکوں، صحت، تعلیم اور دیگر عوامی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کی بھرپور کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ آج یومِ قراردادِ الحاقِ پاکستان ہے، ایک ایسا تاریخی دن جب کشمیری عوام نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کے ساتھ وابستگی کی صورت میں کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت ہمارے ایمان، ہماری شناخت اور ہمارے خون میں شامل ہے، اور یہ رشتہ کبھی کمزور نہیں ہو سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران 10 مئی کو پاک افواج نے جس پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو شکستِ فاش دی، اس سے پاکستان کا وقار پوری دنیا میں بلند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کشمیری اپنی بہادر افواج پر فخر کرتا ہے کیونکہ کشمیریوں کی شان، عزت اور مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار کا جو عوامی منشور پیش کیا ہے، اس نے آزاد کشمیر کی سیاست کا رخ بدل دیا ہے۔ یہی نظریہ نوجوانوں، مزدوروں، کسانوں اور محروم طبقات کی حقیقی آواز بن چکا ہے، اسی لیے عوام جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ 27 جولائی کو پاکستان پیپلز پارٹی لینڈ سلائیڈ کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا والہانہ جوش، تاریخی استقبال اور تیر کے انتخابی نشان سے وابستگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حویلی کے عوام ترقی، خوشحالی اور مضبوط قیادت کے لیے اپنا فیصلہ کر چکے ہیں، اب صرف ووٹنگ کے دن اس فیصلے پر مہر ثبت ہونا باقی ہے۔مختلف مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیصل ممتاز راٹھور حویلی کے حقیقی عوامی رہنما اور ہیرو ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اہلیانِ حویلی ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ عوام جس والہانہ انداز میں فیصل ممتاز راٹھور کا استقبال کر رہے ہیں، اس سے انتخابی نتائج کا اندازہ پہلے ہی ہو چکا ہے اور ان کی کامیابی یقینی دکھائی دے رہی ہے۔اس موقع پر مختلف برادریوں کے عمائدین، نوجوانوں، اور سیاسی کارکنوں نے فیصل ممتاز راٹھور کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ 27 جولائی کو تیر کے نشان پر مہر لگا کر پاکستان پیپلز پارٹی کو تاریخی کامیابی دلائیں گے اور حویلی کی ترقی کا سفر مزید تیز کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں