8

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے پرامن ماحول کو خراب کر رہی ہے، ن لیگ کا الزام

چناری( خبرنگار ) سابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر اور مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار حلقہ چکار، راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے پرامن ماحول کو خراب کر رہی ہے۔ نکیال کا واقعہ ناقابلِ قبول ہے، ملوث افراد کو قرارِ واقعی سزا دی جائے۔ وزیرِ اعظم سے کسی بات کی توقع رکھنا فضول ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کو صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے لگائی گئی انتظامیہ کو جانبداری سے روکا جائے۔ پیپلز پارٹی کے آلہ کار بن کر کام کرنے والے افسران کو وارننگ دیتا ہوں کہ باز آ جائیں ورنہ کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گا۔ ہمارے پاس سب کی معلومات موجود ہیں کہ کون کیا کر رہا ہے۔سابق وزیرِ اعظم اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر منتخب کونسلرز سمیت درجنوں افراد نے پی ٹی آئی اور پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر خان کی حمایت کا اعلان کیا۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے پرامن سیاسی ماحول کو مکدر کرنے والے عناصر یہ جان لیں کہ آزاد کشمیر کی عوام انہیں انتخابات میں شکستِ فاش سے دوچار کرے گی۔کوٹلی کا واقعہ بھی ناقابلِ قبول ہے۔ شکست کے خوف سے پیپلز پارٹی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ نکیال میں مسلم لیگ ن کے کارکنان پر حملہ اور ایک کارکن کی شہادت کھلی غنڈہ گردی ہے۔ میں نے بہت عرصہ پہلے کہا تھا کہ کوٹلی کی انتظامیہ کے اندر حالات کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت نہیں۔ پیپلز پارٹی نے سیاسی بنیادوں پر انتظامیہ لگائی۔ اگر کہیں کوئی خرابی ہوئی تو اس کی ذمہ داری بھی انہیں لینی چاہیے۔اب معاملات الیکشن کمیشن کے کنٹرول میں ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر پر ہمیں مکمل اعتماد اور بھروسہ ہے۔ وہ عام انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے جو بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں، ہم ان کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں۔موجودہ حکومت اور وزیرِ اعظم بھی انتظامیہ کو اپنی سیاسی جماعت کے آلہ کار کے طور پر استعمال کرنے کی کوش کر رہے ہیں، جس کا چیف الیکشن کمشنر کو نوٹس لینا چاہیے۔مسلم لیگ ن ان شاء اللہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔ آزاد کشمیر کو ان شاء اللہ پھر سے پرامن اور خوشحال خطہ بنائیں گے اور 2021 میں جو سفر جہاں سے رکا تھا، وہیں سے آگے چلائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں