53

آزادکشمیر انتخابات، فوج طلب،الیکشن کمیشن نے ہیلی کاپٹر بھی مانگ لیا

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) آزاد جموں و کشمیر حکومت نے آئندہ عام انتخابات کے پرامن، شفاف اور بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور حساس پولنگ اسٹیشنوں پر مؤثر سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پاکستان رینجرز کے 7 ونگز طلب کر لیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کی تعیناتی کا مقصد آزاد کشمیر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کرنا، انتخابی عمل کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹنا اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ رینجرز کی تعیناتی کا شیڈول متعلقہ وفاقی اداروں سے مشاورت کے بعد مرتب کیا جائے گا۔دریں اثنا، آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے انتخابی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے کیبنٹ ڈویژن اسلام آباد کو ایک باضابطہ مکتوب ارسال کیا ہے، جس میں انتخابی ڈیوٹیوں، حساس علاقوں کے دوروں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر کی دستیابی سے دور افتادہ اور دشوار گزار علاقوں میں انتخابی عملے کی آمدورفت، انتخابی سامان کی ترسیل اور اعلیٰ حکام کی نگرانی کے عمل میں سہولت میسر آئے گی۔حکومتی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا عمل جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ انتخابی عمل ہر مرحلے پر شفاف، منظم اور پُرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔دوسری جانب آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے بھی انتخابات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی سرگرمیوں، مانیٹرنگ اور دیگر ضروری امور کیلئے ہیلی کاپٹر کی فراہمی کے سلسلے میں کیبنٹ ڈویژن اسلام آباد کو باضابطہ مکتوب ارسال کر دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی دستیابی سے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں انتخابی انتظامات کی نگرانی، انتخابی عملے کی نقل و حرکت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔حکام کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے تاکہ ووٹرز کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے اور انتخابی عمل بلا تعطل مکمل ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں