مظفرآباد( خبرنگار )قائمقام صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر، چوہدری لطیف اکبر، الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی اپنی اپیل میں کامیاب ہو گئے۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ ان کے حق میں سناتے ہوئے انہیں آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق چوہدری لطیف اکبر کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد ان کی انتخابی دوڑ میں شمولیت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔فیصلے کے اعلان کے فوراً بعد الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، جہاں انہوں نے چوہدری لطیف اکبر کے حق میں نعرے بازی کی اور بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔ کارکنوں نے اس فیصلے کو انصاف اور جمہوری عمل کی کامیابی قرار دیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل ریٹرننگ آفیسر نے چوہدری لطیف اکبر کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دیے تھے، جس پر انہوں نے الیکشن کمیشن میں اپیل دائر کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے تمام قانونی اور انتخابی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ان کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔اس فیصلے کے بعد آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی فضا میں نئی سرگرمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جبکہ مختلف سیاسی حلقوں کی نظریں آئندہ انتخابی مراحل پر مرکوز ہیں۔












